اے آئی سی سی انچارج اومن چانڈی کا بیان
حیدرآباد: سابق مرکزی وزیر اور میگا اسٹار چرنجیوی کا کانگریس پارٹی سے اب کوئی تعلق نہیں ہے۔ آندھراپردیش امور کے اے آئی سی سی انچارج اومن چانڈی نے یہ وضاحت کی۔ پرجا راجیم کے کانگریس میں انضمام کے بعد چرنجیوی کو منموہن سنگھ حکومت میں وزیر کی حیثیت سے شامل کیا گیا تھا ۔ وہ سیاحت کے آزادانہ قلمدان رکھنے والے وزیر تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے بعد آندھراپردیش کی سیاست اور کانگریس پارٹی کی سرگرمیوں میں چرنجیوی کا کوئی رول نہیں رہا جس کا مطلب صاف ہے کہ چرنجیوی اب کانگریس سے وابستہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف اے آئی سی سی کے فیصلہ کے مطابق 7 تا 17 جولائی ریاست بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے ۔ ہر ضلع میں سیکل یاترا کا اہتمام کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش کیلئے خصوصی موقف کے مسئلہ پر بی جے پی نے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ وائی ایس آر کانگریس اور بی جے پی دونوں حکومتیں آندھراپردیش کو خصوصی عہدہ فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔