وجئے ڈیری کے کاروبار کو 300 کروڑ سے بڑھاکر 750 کروڑ کرنے کا چیف منسٹر کو اعزاز ، ٹی سرینواس یادو
حیدرآباد ۔ 3 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر انیمل ہسبنڈری سرینواس یادو نے 250 کروڑ روپئے کے مصارف سے تعمیر ہونے والے ’ میگا ڈیری پلانٹ ‘ کا سنگ بنیاد رکھا ۔ وجئے ڈیری کے 300 روپئے کے کاروبار کو 750 کروڑ تک بڑھا دینے کا اعزاز چیف منسٹر کے سی آر کو ہونے کا دعویٰ کیا ۔ ضلع رنگاریڈی مہیشورم اسمبلی حلقہ میں راوی ریال میں سنگ بنیاد تقریب میں حصہ لیتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کے علاوہ دوسرے قائدین و عہدیدار موجود تھے ۔ ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ وجئے ڈیری چھوٹے کسانوں کے لیے معاون و مددگار ثابت ہورہی ہے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد سے چیف منسٹر کے سی آر وجئے ڈیری کو ترقی دینے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہے ہیں ۔ وجئے ڈیری کے جملہ 28 پروڈکٹس ہیں ۔ آندھرا پردیش کے بشمول چند دوسری ریاستوں میں بھی وجئے ڈیری کے آوٹ لیٹس ہیں ۔ کسانوں کو ایک لیٹر دودھ پر 4 روپئے حوصلہ افزائی معاوضہ دیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 40 ایکڑ اراضی پر 250 کروڑ روپئے کے مصارف سے ’ میگا ڈیری پلانٹ ‘ تعمیر کیا جارہا ہے ۔ جس کی تعمیرات دو سال میں مکمل ہوجائے گی ۔ اس کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد روزانہ 8 لاکھ لیٹر دودھ کی پیداوار بڑھ جائے گی ۔ ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ مارکٹ میں وجئے ڈیری کے 14 اقسام کی مٹھائی دستیاب ہیں ۔ ۔N
میگا ڈیری کی تعمیر کے بعد روزانہ 5 ہزار لیٹر آئسکریم تیار کرنے کی گنجائش فراہم ہوگی ۔۔ N