حلقہ اسمبلی سنگاریڈی سے میری شریک حیات امیدوار ہوں گی
حیدرآباد 3 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس ورکنگ پریسیڈنٹ و سابق رکن اسمبلی جگاریڈی نے آئندہ انتخابات میں سنگاریڈی سے مقابلہ نہ کرنے کا سنسنی خیز اعلان کیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ ان کی جگہ ان کی شریک حیات نرملا مقابلہ کریں گی۔ وہ آئندہ 10 سال بعد دوبارہ اسمبلی کیلئے مقابلہ کریں گے۔ سنگاریڈی میں دسہرہ تقریب سے خطاب میں جگاریڈی نے کہاکہ آئندہ 3 سال تک ریونت ریڈی چیف منسٹر برقرار رہیں گے۔ ان کی میعاد مکمل ہونے کے بعد وہ ریاست کے چیف منسٹر بنیں گے۔ بی جے پی سے سنگاریڈی میونسپلٹی میں کونسلر کی حیثیت سے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز کرنے والے جگاریڈی پہلی مرتبہ 2004ء میں ٹی آر ایس (بی آر ایس) میں شامل ہوکر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ اس کے بعد اُنھوں نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی اور 2009ء میں دوبارہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔ 2014ء لوک سبھا ضمنی انتخابات میں دوبارہ بی جے پی میں شمولیت اختیار کرکے میدک لوک سبھا سے مقابلہ کیا اور شکست سے دوچار ہوئے۔ 2015ء میں جگاریڈی دوبارہ کانگریس میں شامل ہوئے ۔ وہ فی الوقت تلنگانہ پردیش کانگریس کے ورکنگ صدر ہیں۔ گزشتہ 25 سال سے جگاریڈی سنگاریڈی میں دسہرہ تقریب کا بڑے پیمانہ پر انعقاد کرتے آرہے ہیں۔ اُنھوں نے گزشتہ سال بھی آئندہ اسمبلی انتخابات میں مقابلہ نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اِس سال اُنھوں نے اُس وعدہ کو دوہراتے ہوئے اپنی شریک حیات کو امیدوار بنانے کا اعلان کیا۔2