میں آوارہ کتوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے پہچان دلائی: جسٹس وکرم ناتھ

   

نئی دہلی۔ 31 اگست (ایجنسیز) سپریم کورٹ کے جج جسٹس وکرم ناتھ نے ہفتہ کو مذاق میں کہا کہ وہ آوارہ کتوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے انہیں نہ صرف ملک بلکہ پوری دنیا میں سیول سوسائٹی سے متعارف کرایا ہے۔جسٹس ناتھ کیرالا کے ترواننتا پورم میں نیشنل لیگل سروسز اتھارٹی اور کیرالا اسٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے زیراہتمام ‘قانونی اور پالیسی تناظر میں انسان۔ جنگلی حیات کا ٹکراؤ اور بقائے باہمی’ پر ایک علاقائی کانفرنس میں خطاب کر رہے تھے۔22 اگست کو جسٹس ناتھ کی سربراہی میں تین ججوں کی بنچ نے دو ججوں کی بنچ کے ذریعہ دیے گئے حکم میں ترمیم کی تھی۔ آوارہ کتوں کے معاملے پر دو ججوں پر مشتمل بنچ کے حکم کو معاشرے کے کئی طبقوں اور جانوروں کے حقوق کے کارکنوں نے تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور آوارہ کتوں سے محبت کرنے والوں نے اس حکم کو سخت قرار دیا تھا۔جسٹس ناتھ نے کہا کہ وہ چیف جسٹس آف انڈیا بی آر گوائی کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے یہ کیس انہیں سونپا۔ مزاحیہ لہجے میں جسٹس ناتھ نے کہا کہ انہیں یہ پیغامات مل رہے ہیں کہ کتوں سے محبت کرنے والوں کے علاوہ کتے بھی انہیں آشیرواد اور نیک تمنائیں دے رہے ہیں۔