کسی کے حقوق سلب کئے جانے کی اجازت نہ دینے کا اعلان
پتھر پرتیما ( مغربی بنگال ) 7 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) یہ واضح کرتے ہوئے کہ وہ عوام کے حقوق کی نگران ہیں چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے آج کہا کہ وہ کسی کو بھی عوام کے حقوق سلب کرنے کی اجازت نہیں دینگی ۔ ممتابنرجی نے کہا کہ جب تک وہ زندہ ہیں وہ ریاست کے عوام کی حفاظت کرینگی ۔ ریاست میں این آر سی اور این پی آر کے خلاف ان کی جدوجہد جاری رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی کے رحم و کرم پر زندہ نہیں ہیں۔ وہ کسی کو بھی ہمارے حق چھیننے کی اجازت نہیں دینگی ۔ ممتابنرجی ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کی پہریدار ہیں۔ اگر کوئی بھی عوام کے حقوق چھیننے کیلئے آئیگا تو اسے ان ( ممتابنرجی ) کی نعش پر سے گذر کر ایسا کرنا ہوگا ۔ کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ بنگال میں گذشتہ مہینے ہی این پی آر کی تیاری کے تمام اقدامات کو روک دیا گیا ہے ۔