کلکتہ: چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج بھی ڈاکٹروں سے ملاقات نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کے حصول کیلئے وہ استعفیٰ دینے کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ احتجاج کا مقصد ان کی حکومت کو گرانے کی کوشش ہے جبکہ حکومت بات چیت کے عہد کی پابند ہے۔ گزشتہ ایک مہینے سے احتجاج کررہے جونیئر ڈاکٹروں کے درمیان آج بھی میٹنگ نہیں ہوسکی کیوں کہ جونیئر ڈاکٹرس اس بات پر بضد تھے کہ میٹنگ کا لائیواسٹریم کیا جائے جب کہ حکومت اس کیلئے تیار نہیں ہوئی۔مظاہرین کا ایک وفد ریاستی سیکریٹریٹ پہنچنے کے بعد بھی میٹنگ ہال نہیں پہنچا جبکہ چیف منسٹر ممتا بنرجی میٹنگ روم میں دو گھنٹے تک بیٹھ کر ان کاانتظار کرتی رہیں ۔اس درمیان چیف سیکریٹری اور ڈی جی پی نے مظاہرین سے بات بھی کی مگر تعطل ختم نہیں ہوسکا ۔دو گھنٹے تک انتظار کرنے کے بعد ممتا بنرجی نے میڈیا سے کہا کہ میں نے دو گھنٹے تک جونیئر ڈاکٹروں کا انتظار کیا اور ہم نے پہلے ہی واضح کردیا تھا کہ چوںکہ یہ پورا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے اس لئے ہماری قانونی مجبور ی ہے کہ ہم اس میٹنگ کا لائیواسٹریم نہیں کرسکتے ہیں ۔