واشنگٹن۔30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) یو ایس کانگریس میں پہلی ہندو خاتون قانون ساز تلسی گبارڈ جو 2020ء کے صدارتی انتخابات کی امیدوار ہیں، نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار نامزد نہیں کیا گیا تو وہ بطور آزاد امیدوار انتخابات نہیں لڑیں گی۔ 38 سالہ گبارڈ جو ہوائی کے لیے دوسرے کانگرشنل ڈسٹرکٹ کی 2013ء سے نمائندگی کررہی ہیں، نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی انتخابی مہم کو مزید آگے بڑھانے میں دلچسپی رکھتی ہیں اور امریکی عوام سے تعاون کرنے کی اپیل کرتی رہیں گی۔ یاد رہے کہ گبارڈ آئندہ ڈیموکریٹک مباحثہ جو ستمبر میں منعقد شدنی ہے، کے لیے کوالیفائی نہیں کرسکیں جبکہ قبل ازیں پہلے دو مباحثوں تک ان کی بہ آسانی رسائی عمل میں آئی تھی۔ ایک رپورٹ کے مطابق موصوفہ فنڈریزنگ کی دہلیز تک پہنچ گئی تھیں تاہم ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی(ڈی این سی) کے لیے درکار کم سے کم پولنگ نہیں کرپائی تھیں۔
