نئی دہلی۔ ہندوستانی شٹلر پی وی سندھو 2023 کے سیزن دوبارہ بہتر مظاہرے کرنے کے لیے بے تاب ہیں کیونکہ بائیں پیر کے فریکچر جس نے انہیں پانچ ماہ تک میدان سے دور رکھا تھا اب وہ مکمل طور پر ٹھیک ہوگیا ہے۔ سندھو کوگزشتہ سال اگست میں کامن ویلتھ گیمز میں خواتین کے سنگلز کا گولڈ میڈل جیتنے کے بعد میدان سے باہر رہنا پڑا ہے تاہم انہوں نے سال کے پہلے ایونٹ ملائیشیا اوپن میں واپسی کی، جہاں وہ ابتدائی راؤنڈ میں روایتی حریف اسپین کی کیرولینا مارین سے ہارگئیں۔ اس کے بعد انڈیا اوپن میں ایک ہفتہ بعد پہلے راؤنڈ سے باہر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ میں اب بالکل ٹھیک ہوں۔ جسمانی اور ذہنی طور پر میں بالکل ٹھیک ہوں۔ چوٹیں آتی ہیں لیکن اپنے جسم کو صحت مند رکھنا اور ہر بار مضبوط ہونا ضروری ہے۔ میں پراعتماد، مثبت ہوں، میرے والدین بھی ایتھلیٹ تھے۔ وہ مجھے جو تعاون اور حوصلہ دیتے ہیں وہ مجھے ہمت جاری رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ 27 سالہ سندھو جنہوں نے 2022 کا کامیاب سیزن تین خطابات سید مودی انڈیا انٹرنیشنل، سوئس اوپن اور سنگاپور اوپن اپنے نام کیا تھا، امید ہے کہ اس سیزن میں ان کی مہم پہلے سے بہتر ہوگی۔ مجھے امید ہے کہ ایسا ہوگا۔ میں اب مکمل طور پر ٹھیک ہو چکی ہوں۔ لکشیا سین اور پرنائے ایچ ایس کے ساتھ، سندھو 14 فروری کو دبئی میں شروع ہونے والی بیڈمنٹن ایشیا مکسڈ ٹیم چمپئن شپ میں ہندوستان کے چیلنج کی قیادت کریں گی۔ ہندوستان 2019 میں منعقدہ چمپئن شپ کے آخری ایڈیشن میں گروپ مرحلے سے آگے نہیں بڑھ سکا تھا ۔ ٹیم کو گروپ بی میں میزبان یو اے ای، ملائیشیا اور قازقستان کے ساتھ رکھا گیا ہے۔