نئی دہلی، 10 جولائی (یو این آئی) کرناٹک میں زمام حکومت تبدیل ہونے کی قیاس آرائیوں کے درمیان وزیر اعلی سدارمیا نے آج کہا کہ وہ اپنی پانچ سالہ میعاد پوری کریں گے ۔مسٹر سدارمیا اور نائب وزیر اعلی ڈی کے شیوکمار اس وقت دہلی میں موجود ہیں۔ دونوں رہنما لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر اور کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ مسٹر شیوکمار نے پہلے ہی بدھ کے روز دہلی میں کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی سے ملاقات کی تھی۔مسٹر سدارمیا نے یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کرناٹک میں وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے کوئی جگہ خالی نہیں ہے اور وہ اپنی پانچ سالہ میعاد پوری کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ان رپورٹوں میں کوئی صداقت نہیں ہے کہ کانگریس ہائی کمان نے انہیں وزیر اعلی کے عہدے سے سبکدوش ہونے کو کہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسٹر ڈی کے شیوکمار نے خود کہا ہے کہ وزیر اعلی کے عہدہ کے لئے کوئی جگہ خالی نہیں ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نصف مدت کا کوئی فارمولہ زیر غور نہیں ہے ۔ ہائی کمان جو بھی فیصلہ کرے گی ہم اسے قبول کریں گے ۔