ممبئی:مہاراشٹر میں این سی پی میں پھوٹ کے بعد اب پارٹی پر کنٹرول کی جنگ جاری ہے۔ اس دوران شرد پوار نے نئی دہلی میں نیشنل ایگزیکٹیو، نیشنل ورکنگ کمیٹی، قومی عہدیداروں اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے ریاستی پارٹی صدور کی میٹنگ بلائی۔ جس میں پی سی چاکو، جتیندر اہوان، فوزیہ خان اور وندنا چوان سمیت این سی پی کے 13 لیڈر موجود تھے۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ شرد پوار نے اس موقع پر کہا کہ میں اب بھی موثر ہوں، چاہے میں 82 کا ہوں یا 92،” دراصل شرد پوار نے اپنے بھتیجے اجیت پوار کے حالیہ ریمارکس کا جواب دیتے ہوئے یہ بات کہی، جس میں اجیت پوار نے کہا تھا کہ بی جے پی میں 75 سال کی عمر میں سیاست دان ریٹائر ہوجاتے ہیں اور آپ تو 82 کے ہوگئے ہیں۔
