میں این سی پی کے ساتھ ہوں ۔ شرد پوار میرے لیڈر ہیں۔ اجیت پوار

   

ممبئی 24 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا کے ڈپٹی چیف منسٹر اجیت پوار نے پارٹی سے اپنے یکسر مختلف موقف کے بعد آج کہا کہ وہ اب بھی این سی پی کے ساتھ ہیں اور شرد پوار ان کے لیڈر ہیں۔ بی جے پی قائدین کو مبارکبادی کے پیامات کے بعد اظہار تشکر کے ٹوئیٹس کے بعد اجیت پوار نے مزید کہا کہ بی جے پی ۔ این سی پی اتحاد مہاراشٹرا میں آئندہ پانچ سال کیلئے ایک مستحکم حکومت فراہم کریگا ۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ وہ این سی پی میں ہیں اور ہمیشہ این سی پی میں ہی رہیں گے ۔ پوار صاحب ہمارے لیڈر ہیں۔ ہمارا ۔ بی جے پی ۔ این سی پی اتحاد مہاراشٹرا میں آئندہ پانچ سال کیلئے ایک مستحکم حکومت فراہم کریگا اور یہ اتحاد ریاست اور اس کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے سنجیدگی سے کام کریگا ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے ۔ سب کچھ ٹھیک ہے ۔ فی الحال کچھ صبر کی ضرورت ہے ۔ لوگوں نے ان کی جو مدد کی ہے اس پر وہ اظہار تشکر کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ ہفتہ کی صبح اچانک ہی اجیت پوار نے بی جے پی سے اتحاد کرتے ہوئے ریاست میں مخلوط حکومت بنانے میں اہم رول ادا کیا تھا اور دیویندر فرنویس کے چیف منسٹر کے ساتھ خود ڈپٹی چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف بھی لے لیا تھا ۔