ممبئی: بی جے پی کے جنرل سکریٹری ونود تاوڑے نے چہارشنبہ کے روز ووٹروں پر اثر انداز ہونے کے لیے رقم تقسیم کرنے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ قواعد سے بخوبی واقف ہیں اور وہ بیوقوف نہیں ہیں کہ سیاسی مخالفین ہوٹلوں میں اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث ہوں گے۔اسمبلی انتخابات سے چند گھنٹے قبل، بہوجن وکاس اگھاڑی(بی وی اے) کے رہنما ہتیندر ٹھاکر نے منگل کے روز تاؤڑے پر ممبئی سے 60 کلومیٹر دور ویرار کے ایک ہوٹل میں ووٹروں کو راغب کرنے کے لیے 5 کروڑ روپے تقسیم کرنے کا الزام لگایا۔بی وی اے رہنماؤں کی جانب سے 5 کروڑ روپے نقد دینے کے دعووں کے درمیان، ایک انتخابی اہلکار نے منگل کو کہا کہ ہوٹل کے کمروں سے 9.93 لاکھ روپے کی نقدی برآمد ہوئی ہے۔بی جے پی لیڈر نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف انتخابی عمل کے بارے میں پارٹی کارکنوں کو رہنمائی دے رہے ہیں۔تاوڑے نے یہاں صحافیوں کو بتایاکہ وشوانتاہوٹل (ویرار، پالگھر میں) ٹھاکروں کا ہے۔میں ان کے ہوٹل میں جا کر وہاں پیسے تقسیم کرنے میں بیوقوف نہیں ہوں۔بی جے پی لیڈر نے کہا کہ وہ 40 سال سے سیاست میں ہیں اور قواعد و ضوابط سے واقف ہیں۔