’’میں زندہ اور صحت مند ہوں ‘‘ سابق وزیر ڈاکٹر شنکر راؤ کا ویڈیو وائرل

   

حیدرآباد: ’’عوام کی دعاؤں سے میں صحت مند اور زندہ ہوں‘‘۔ سابق ریاستی وزیر ڈاکٹر شنکر راؤ نے ان کے دیہانت سے متعلق سوشیل میڈیا میں جاری خبروں کی تردید کرتے ہوئے ایک ویڈیو جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ وہ شاد نگر حلقہ کے عوام کی دعاؤں اور آشیرواد سے صحت مند ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بعض مخالفین نے سوشیل میڈیا پر ان کے دیہانت کی افواہوں کو پھیلا دیا ہے۔ شنکر راؤ نے ایک ویڈیو سویشل میڈیا میں پوسٹ کیا اور کہا کہ شاد نگر علاقہ کے کئی چاہنے والوں نے انہیں فون کرتے ہوئے خیریت دریافت کی ہے ۔ شنکر راؤ نے کہا کہ سوشیل میڈیا میں ان کے خلاف غلط پرچار کرنے والوں کے سلسلہ میں پولیس سے شکایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گمراہ کن مہم چلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ ڈاکٹر شنکر راؤ متحدہ آندھراپردیش میں کانگریس حکومت میں وزیر رہ چکے ہیں۔