میں سبکدوش نہیں ہوا:گیل

   

جمائیکا ۔16 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کے جارحانہ اوپنر کرس گیل نے ونڈے کرکٹ سے کنارہ کش ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ابھی سبکدوشی کا اعلان نہیں کیا ہے۔ ہندوستان کیخلاف تیسرے ونڈے میچ میں گیل نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور صرف 41 گیندوں پر 5 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 71رنز بنائے۔ اننگز کھیلنے کے بعد جب گیل میدان سے گئے تو دنیائے کرکٹ میں یہ تاثر گیا کہ یہ گیل کا آخری میچ ہے۔ میچ میں گیل کے آؤٹ ہونے کے بعد ہندوستانی کھلاڑیوں نے انہیں الوداع کہا جبکہ گیل بھی ہاتھ اٹھا کر تماشائیوں کی داد کا جواب دیتے ہوئے پویلین لوٹے۔ گیل نے کھیل سے کنارہ کشی کے تاثر کو مسترد کردیا۔ گیل نے کہا کہ میں نے ابھی سبکدوشی کا اعلان نہیں کیا اور اگلے اعلان تک میں ویسٹ انڈیز کرکٹ کے ساتھ ہی ہوں۔