نئی دہلی ۔ 13 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) طویل عرصہ سے ٹیم سے باہر رہنے والے بائیں ہاتھ کے سریش راینا ان دنوں یو ٹیوب اور سوشل میڈیا پر ان کے بارے میں پھیلائی جارہی جھوٹی خبروں کی وجہ سے پریشان ہیں۔ سوشل میڈیا پر سریش رینا کی موت کی جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں کئی یوٹیوب چینلوں نے خبر چلائی کہ ایک سڑک حادثہ میں کرکٹر سریش راینا کی موت ہوگئی ہے۔ ان خبروں سے پریشان سریش راینا نے ایک ٹویٹ کرکے اپنے مداحوں کو اپنے صحیح سلامت ہونے کی جانکاری دی ہے۔ ٹویٹر پر سریش رینا نے لکھا گزشتہ کچھ دنوں سے جھوٹی خبر پھیلائی جارہی ہے کہ کار حادثہ میں میری موت ہوگئی ہے۔ اس کی وجہ سے میرے دوست اور میرے اہل خانہ بہت پریشان ہیں۔ میں پوری طرح صحتمند ہوں ، جن یوٹیوب چینلوں نے ایسی خبریں پھیلائی ہیں ، ان کے خلاف شکایت کردی گئی ہے ، جن کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ گزشتہ کچھ دنوں سے کئی یوٹیوب چینلوں پر خبر چلائی جارہی ہے کہ کرکٹر سریش رینا کی کار ایک ٹرک سے ٹکرا گئی اور اس حادثہ میں راینا کی موت ہوگئی ہے۔ اس خبر سے متعلق کچھ ویڈیو کو یوٹیوب پر لاکھوں کی تعداد میں ویوز ملے ہیں۔