میں سی اے اے پر کچھ کہنا نہیں چاہتا ۔ مودی مذہبی آزادی کے قائل : ڈونالڈ ٹرمپ

   

نئی دہلی 25 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ بات چیت کے بعد امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج کہا کہ مودی چاہتے ہیں کہ عوام کو مذہبی آزادی حاصل رہے ۔ انہوں نے سی اے اے پر کوئی تبصرہ کرنے سے گریز بھی کیا ۔ ٹرمپ نے کہا کہ شہریت قانون جیسے مسائل ہندوستان کا مسئلہ ہیں ۔ وہ کوئی متنازعہ بیان نہیں دینا چاہتے ۔ وہ دو دن کے دورہ اور دو دن کے سفر کے بعد صرف ایک جواب دے تنازعہ پیدا کرنا نہیں چاہتے ۔ ایک پریس کانفرنس کے دوران ڈونالڈ ٹرمپ نے ہندوستان اور پاکستان کے مابین کشیدگی کو کم کرنے کیلئے ثالثی کی پیشکش بھی کی اور کہا کہ کشمیر ایک بڑا مسئلہ ہے اور یہ ایک طویل وقت سے ایک کانٹا بنا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر کہانی کے دو پہلو ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ ثالثی کیلئے کچھ کرسکتے ہیں تو ضرور کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مسئلہ پر بھی مودی کے ساتھ بات چیت ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے بھی اچھے تعلقات ہیں۔ وہ لوگ سرحد پار سے دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی بہت زیادہ مذہبی اور پرسکون شخص ہیں لیکن وہ طاقتور بھی ہیں۔ وہ کافی مضبوط ہیں ۔ ان کے ذہن میں دہشت گردی کا مسئلہ ہے اور وہ اس سے نمٹ لیں گے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے اپنی بات چیت میں مذہبی آزادی کے تعلق سے بھی بات چیت کی ہے اور مودی چاہتے ہیں کہ لوگوں کو مذہبی آزادی حاصل رہے ۔ اس سوال پر کہ آیا سی اے اے پر کوئی بات ہوئی ہے ٹرمپ نے کہا کہ وہ سی اے اے پر کوئی بات کرنا نہیں چاہتے ۔ یہ ہندوستان کا کام ہے کہ اس سے نمٹے ۔ ایک پریس کانفرنس میں خارجہ سکریٹری ہرش وردھن شرنگلا نے کہا کہ باہمی بات چیت میں سی اے اے زیر بحث نہیں آیا۔