میں عورت ہوتا تو پردہ کرتا: ڈونالڈ ٹرمپ

   

نیویارک : سابق امریکی صدر،ڈونالڈ ٹرمپ کی مسلمان خواتین کی جانب سے پردہ کیے جانے پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔ یاد رہے کہ سابق صدرڈونالڈ ٹرمپ ایک بار پھر امریکی صدارتی امیدوار کے طور الیکشن میں حصہ لینے جا رہے ہیں۔ وہ آج کل صدارتی الیکشن سے متعلق مہم میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔ ایسے میںڈونالڈ ٹرمپ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس میں وہ پردے اور برقع پہننے سے متعلق بات اور اپنی رائے کا اظہار کررہے ہیں۔ ڈونالڈ ٹرمپ کا ویڈیو میں کہنا ہے کہ خواتین ہزاروں برسوں سے پردہ کر رہی ہیں، وہ پردہ کرنا چاہتی ہیں، تو ہمیں اس معاملہ میں کیوں دخل دینا چاہیے؟ ان کا کہنا ہے کہ میرے خیال میں پردہ کرنا، میک اپ کرنے سے زیادہ آسان ہے، اگر میں عورت ہوتا تو میں بھی پردہ کرتا۔ واضح رہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ کی یہ ویڈیو 8 سال پرانی ہے۔ امریکی میڈیا ’سی این این‘ کی جانب سے سابق امریکی صدر کی یہ ویڈیو آج سے 8 سال قبل اپنے یوٹیوب چینل پر شیئر کی گئی تھی۔