میں مودی کے 56 انچ کے سینہ سے نہیں ڈرتا : راہول

   

جھارکھنڈ میں 450 روپئے میںگیس سلینڈر ‘ خواتین کو ماہانہ وظیفہ کا وعدہ ۔ انتخابی ریلی سے خطاب

گوڈا: کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے آج کہا کہ وہ نفرت کے بازار میں محبت کا پیغام لے کر آئے ہیں۔گاندھی آج گوڈا ضلع کے بلبڈا گاؤں میں کانگریس امیدوار کے حق میں مہم چلانے پہنچے ۔ انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں نفرت کے بازار میں محبت کا پیغام لے کر آیا ہوں۔ آئین کی حفاظت کے وعدے کے ساتھ میں آئین کی کاپی بھی لیکر آیا ہوں۔ وزیر اعظم مودی آئین کے خلاف کام کرتے ہیں۔ وہ آپ کی کمائی کا پیسہ اڈانی اور امبانی کو دے رہے ہیں۔ بی جے پی اور آر ایس ایس بھائی کو لڑانے کا کام کر رہے ہیں۔ میں مودی سے نہیں ڈرتا۔ جھارکھنڈ حکومت کام کر رہی تھی، چیف منسٹر ہیمنت سورین کو جیل بھیج دیا گیا لیکن ہمیں انصاف پر یقین تھا، آئین پر یقین تھا، آج آپ کے درمیان آپ کا چیف منسٹر ہے ۔ اگر آپ تعاون کریں گے تو جھارکھنڈ میں ایک بار پھر مہا گٹھ بندھن کی حکومت بنے گی۔ راہول گاندھی نے کہا کہ یہاں ذات پات کی مردم شماری نہیں کرائی گئی جس سے جس کی جتنی تعداد ہے اس کی اتنی فیصد حصہ داری نہیں ہے ۔ حکومت بنتے ہی ہر مہینے جھارکھنڈی ماؤں اور بہنوں کے کھاتوں میں 2500 روپے جمع کرائے جائیں گے ۔ حکومت کسانوں سے دھان 3200 روپے کے حساب سے خریدے گی۔ دیپیکا پانڈے سنگھ کے جھارکھنڈ میں وزیر زراعت بنتے ہی کسانوں کے دو لاکھ زرعی قرضے معاف کر دیے گئے ہیں۔ آئندہ وقت میں ہماری حکومت جھارکھنڈ میں ماؤں بہنوں کو 450 روپے میں گیس سلنڈر فراہم کرے گی ۔ گاندھی نے کہا کہ جھارکھنڈ میں بجلی کا بل معاف کر دیا جائے گا۔ ہر ایک کو 15 لاکھ روپے کا ہیلتھ انشورنس ملے گا۔ حکومت جھارکھنڈ کے لوگوں کو بغیر کسی رقم کے علاج فراہم کرے گی۔ مہاراشٹرا میں ہماری حکومت گرا کر، بی جے پی کی حکومت ایک لاکھ کروڑ روپے کی زمین اڈانی کو دینے کی تیاری کر رہی ہے ۔ ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے ۔ میں مودی کو کھلا چیلنج دیتا ہوں۔ میں آپ کے چھپن انچ کے سینے سے نہیں ڈرتا۔ میں پسماندہ ذات کا ریزرویشن جسے بی جے پی نے 27 فیصد سے کم کر کے 14 فیصد کیا ہے اسے میں 27 فیصد کروں گا۔ وہ قبائلی ریزرویشن کو 26 فیصد سے بڑھا کر 28 فیصد، ہریجن ریزرویشن کو 10 فیصد سے بڑھا کر 12 فیصد کرینگے ۔