میں نے اسمبلی کی رکنیت سے استعفی نہیں دیا : راجا سنگھ

   

بی جے پی ہائی کمان کی ہدایت پر عمل کروں گا
حیدرآباد۔ 20 جولائی (سیاست نیوز) بی جے پی سے مستعفی رکن اسمبلی گوشہ محل راجا سنگھ نے اسمبلی کے رکنیت سے استعفے کے مسئلہ پر اپنا موقف تبدیل کرلیا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے راجا سنگھ نے واضح کیا کہ اگر بی جے پی ہائی کمان ہدایت دے تو وہ اسمبلی رکنیت سے استعفی دیں گے۔ پارٹی کے ریاستی صدر کے طور پر رامچندر راؤ کے تقرر کے بعد راجا سنگھ نے پارٹی سے استعفی دے دیا تھا اور ہائی کمان نے استعفی منظور کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ صرف بی جے پی سے مستعفی ہوئے ہیں اور اسمبلی رکنیت سے استعفی پر بی جے پی ہائی کمان کی ہدایت کے مطابق عمل کرینگے۔ راجا سنگھ کی کانگریس، بی آر ایس اور شیوسینا میں شمولیت سے متعلق اطلاعات گشت کررہی ہیں تاہم راجا سنگھ نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی پارٹی میں شمولیت کا ارادہ نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس سے دوستی رکھنے والی کانگریس میں شمولیت کا سوال پیدا نہیں ہوتا۔ میں کٹر ہندو وادی نیتا ہوں، ملک کی خدمت کرنے والے نریندر مودی اور امیت شاہ کیلئے میں کام کرتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ چونکہ بی جے پی کے ٹکٹ اور انتخابی نشان پر منتخب ہوئے ہیں لہذا اگر ہائی کمان ہدایت دے تو وہ اسمبلی کی رکنیت سے استعفی پیش کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی چناؤ ان کیلئے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ بی جے پی ضمنی چناؤ میں کسے ٹکٹ دے گی وہ ابھی واضح نہیں ہے۔ بی جے پی ہائی کمان جو بھی فیصلہ کریگا میں اس پر قائم رہونگا۔ راجا سنگھ نے کہا کہ وہ آخری سانس تک ہندوتوا کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ بی جے پی ہائی کمان کے بارے میں ان کے دل میں کوئی مخالفت نہیں ہے۔ 1