احمد آباد، 4 اکتوبر (یو این آئی) ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹسٹ میں ایک اننگز اور 140 رنز سے شاندار جیت میں آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ’پلیئر آف دی میچ‘ بننے والے رویندر جڈیجہ نے آج کہا کہ انہوں نے اپنی بلے بازی پر سخت محنت کی ہے ۔ میچ میں سنچری بنانے اور دوسری اننگز میں چار وکٹ لینے والے جڈیجہ نے میچ کے بعد کہا، ’’ہاں، میں اپنی بلے بازی پر سخت محنت کر رہا ہوں۔ ہمیں دو مہینے کا وقفہ ملا تھا، کوئی ٹسٹ کرکٹ یا ونڈے میچ نہیں تھا۔ میں اپنی فٹنس پر کام کر رہا تھا اور بنگلور کے سنٹر آف ایکسی لینس گیا، وہاں اپنی مہارت اور فٹنس پر محنت کی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ سال پہلے میں آٹھویں اور نویں نمبر پر بیٹنگ کرتا تھا، لیکن اب مجھے چھٹے نمبر پر موقع مل گیا ہے۔ میرے پاس خود کو تیار کرنے کا وقت ہے اور میں اپنی اننگز کو رفتار دے سکتا ہوں۔ مجھے جلدبازی کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ میں وکٹ پر اپنا وقت لے سکتا ہوں۔