نئی دہلی۔26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ کے اسپنر تبریز شمسی نے ہندوستان کے خلاف بنگلورو میں کھیلے گئے تیسرے ٹی20میچ کے دوران شکھر دھون کو آوٹ کرنے کے بعد اپنا جوتا اٹھاکر جشن منانے پر صفائی دی ہے۔ہندستان اور جنوبی افریقہ کے مابین اتوار کو بنگلورو کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں ٹی20 سیریز کا آخری میچ کھیلا گیا تھا جس میں مہمان ٹیم نے 9 وکٹوں سے جیت درج کرکے سیریز 1-1سے ڈرا کردی تھی۔ نئے کپتان کوئنٹن ڈی کاک کی قیادت میں ٹیم نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کو 134کے چھوٹے اسکور پر روک دیا تھا۔ ہندوستانی اننگز کے دوران بولنگ کررہے افریقی اسپنر شمسی اس وقت نگاہوں میں آگئے جب انہوں نے اوپنر شکھر دھون کو 36 رنز پر آوٹ کیا۔ انہوں نے تیمبا باوما کے ہاتھوں دھون کو کیچ کروایا۔دھون کے آوٹ ہوکر میدان سے جانے کے دوران شمسی نے اپنا جوتا نکال کر اسے ہاتھ میں لیا اور اس سے فون کرنے کا اندازاختیار کرنے لگے۔ ان کی تصویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر اچانک وائرل ہوگئی۔ اس پر شمسی نے کہا کہ اس انداز سے وہ ہندوستانی بیٹسمین کا مذاق اڑانا مقصد نہیں تھا بلکہ وہ اپنے انداز میں جشن منایا ہے۔