لندن ۔5 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) نومسلم بین برڈ نے تسلیم کیا ہے کہ وہ لیورپول اسٹرائیکر محمد صلاح کی وجہ سے اسلاموفوبیا کا راستہ چھوڑ کر مسلمان ہونے کی طرف راغب ہوا۔ انٹرویو میں نومسلم بین برڈ نے کہا کہ محمد صلاح ہی وہ شخصیت ہیں جنہوں نے حقیقت میں مجھے متاثر کیا۔ میری خواہش ہے کہ میں لیورپول اسٹرائیکر سے ملاقات کروں اور بتاؤں کہ میں اس کی وجہ سے مشرف بہ اسلام ہوگیا ہوں۔ دائرہ اسلام میں داخل ہونے والے انگریز نے کہا کہ اسے اسلام سے شدید نفرت تھی، لیکن جب فٹبالر محمد صلاح نے اسلام کا صیحیح تصویر پیش کیا تو وہ اسلامی تعلیمات سے بہت متاثر ہوا جس کے اس نے اسلام قبول کرنے اور مسلمان ہونے کافیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا میں اسلام کی اصل تصویر پیش نہیں کی جاتی۔ جب لوگ قرآن کے بارے میں پڑھتے ہیں تو مختلف سوچ رکھتے ہیں۔ برطانوی نومسلم نے انٹرویو میں کہا کہ یونیورسٹی میں میرے ساتھ مصر سے تعلق رکھنے والے بہت سے طالبعلم ہم جماعت تھے۔ جب انہیں پتا چلا کہ میں محمد صلاح میں گہری دلچسپی لیتا ہوں تو وہ مجھ سے گھنٹوں ان کی باتیں کرتے۔ اس کے بعد میں محمد صلاح کو سمجھنے کے ساتھ ساتھ اسلام کو سمجھتا گیا۔