’’میں نے عزت نفس کیلئے جدوجہد کی ہے‘‘: ایٹالہ راجندر

   

مختلف اضلاع کے حامیوں سے مستقبل کے لائحہ عمل پر مشاورت جاری

حیدرآباد۔ سابق وزیر صحت ای راجندر نے کہا کہ وہ اپنے ساتھیوں اور حامیوں سے مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کو قطعیت دیں گے ۔ گزشتہ دو دن سے وہ حضور آباد میں پارٹی قائدین اور حامیوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ کریم نگر کے علاوہ دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے قائدین اور راجندر کے حامی بڑی تعداد میں حضور آباد پہنچ کر ملاقات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کی جانب سے کی گئی ناانصافی پر عوام سخت ناراض ہیں اور وہ کسی بھی فیصلہ کی تائید کے لئے تیار ہیں۔ راجندر نے کہاکہ وہ ہمیشہ عزت نفس کیلئے جدوجہد کرتے رہے ہیں لیکن منصوبہ بند طریقہ سے ان کے کردار کو مسخ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اراضی پر قبضوں سے متعلق الزامات بے بنیاد ہیں اور غیر جانبدارانہ تحقیقات میں حقائق منظر عام پر آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ سے انصاف حاصل ہوا ہے اور عدالت نے یکطرفہ تحقیقات کو مسترد کردیا ہے۔ اسی دوران راجندر کے حامیوں نے سوشیل میڈیا پر مہم شروع کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مستعفی ہوکر دوبارہ مقابلہ کرنے کا چیلنج کیا ہے۔ حامیوں نے کہا کہ راجندر حضور آباد حلقہ سے استعفیٰ دیں گے جبکہ چیف منسٹر کو گدوال سے استعفیٰ دے کر دوبارہ مقابلہ کرنا چاہئے ۔ جو بھی منتخب ہوگا وہی ٹی آر ایس کا حقیقی مالک رہے گا ۔ حامیوں کی جانب سے سوشیل میڈیا پر راجندر کے حق میں مہم شدت اختیار کرچکی ہے۔