میں نے گمبھیر کا کریئر ختم کیا : محمد عرفان

   

Ferty9 Clinic

کراچی ۔ 7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی ٹیم سے فی الحال باہر رہنے والے درازقد فاسٹ بولر محمد عرفان نے 2012ء میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والی سیریز کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی بائیں ہاتھ کے سابق اوپنر گوتم گمبھیر کے سفید گیند کے کریئر کو میں نے ختم کیا۔ سات فٹ ایک انچ طویل قامت اور عرفان نے مذکورہ سیریز کے دوران ٹوئنٹی 20 اور ونڈے میں چار مرتبہ گوتم گمبھیر کو آوٹ کیا تھا جس کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف بعد میں ہونے والی سیریز میں گوتم گمبھیر کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ محمد عرفان نے ٹی وی چینل کو دیئے گئے اپنے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا ہیکہ جب میں ہندوستان کے خلاف 2012ء میں سیریز میں ٹیم کا حصہ تھا تو گمبھیر میری رفتار اور میرے قد کی وجہ سے کافی پریشان رہتے تھے۔ عرفان نے دعویٰ کیا ہیکہ یہ وہ مخصوص سیریز تھی جس میں گمبھیر کے کریئر کو ختم کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گمبھیر نہ صرف میری بولنگ کا سامنا نہیں کرنا چاہتے بلکہ اس سیریز کے دوران انہوں نے مجھ سے آنکھ بھی نہیں ملائی تھی۔ اتفاق سے گمبھیر نے ہندوستان کیلئے آخری ٹوئنٹی 20 مقابلہ پاکستان کے خلاف احمدآباد میں کھیلا تھا اور پاکستان سیریز کے بعد وہ ونڈے میں بھی صرف ایک مرتبہ انگلینڈ کے خلاف ونڈے کھیل پائے تھے۔ 2012-13ء سیریز کے بعد جو پاکستان کے خلاف کھیلی گئی تھی اس میں گمبھیر کے ناقص مظاہروں کے بعد انہیں پھر دوبارہ سفید گیند کی ٹیم مںی شامل نہیں کیا گیا۔ عرفان نے دعویٰ کیا ہیکہ گمبھیر ان کی بولنگ کا سامنا کرنے سے گھبراتے تھے۔ انہوں نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ ویراٹ کوہلی نے پاکستان کے خلاف ہونے والی سیریز پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ گمبھیر عرفان کی رفتار اور اچھال لیتی گیندوں کو سمجھ نہیں پائے تھے۔ اس کے علاوہ انہوں نے یوراج سنگھ کا بھی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس وقت گمبھیر ان کی بولنگ کا سامنا کررہے تھے تو اس وقت یوراج دوسرے سرے پر موجود تھے جنہوں نے گمبھیر کو کہا کہ اس کی بولنگ پر پل مت کر بلکہ کٹ کر لیکن تیسری گیند پر پل کرنے کی کوشش میں گوتم گمبھیر وکٹوں کے پیچھے آوٹ ہوئے تھے۔