’میں ٹھیک ہوں، لیکن منی پور ٹھیک نہیں‘

   

مودی کے خیریت دریافت کرنے پر سونیا کا برجستہ جواب
نئی دہلی : آج جب پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس شروع ہوا تو وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی سے ان کی خیریت دریافت کی۔ اس پر برجستہ جواب دیتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ ’’میرا حال تو ٹھیک ہے، منی پور ٹھیک نہیں ہے۔‘‘ ساتھ ہی سونیا گاندھی نے منی پور کے موجودہ حالات پر پارلیمنٹ میں بحث کرانے کا مطالبہ بھی کر دیا۔ اس پر پی ایم مودی نے کہا ’’ٹھیک ہے، میں دیکھوں گا۔‘‘پی ایم مودی اور سونیا گاندھی کے درمیان ہوئی اس بات چیت کی جانکاری کانگریس رکن پارلیمنٹ ادھیر رنجن چودھری نے دی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ یہ ایک رسمی ملاقات تھی کیونکہ اجلاس کے پہلے دن وزیر اعظم سبھی اراکین پارلیمنٹ کی خیریت پوچھتے ہیں۔ ادھیر نے کہا کہ ’’مجھے لگتا ہے وزیر اعظم کو ان سے ایسے (منی پور سے متعلق) سوال کی امید نہیں تھی۔ وہ حیران رہ گئے اور بولے‘ ٹھیک ہے، میں دیکھوں گا۔‘‘ قابل غور ہے کہ منی پور تشدد کو لے کر اپوزیشن لیڈران لگاتار مرکزی اور ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ آج جب مانسون اجلاس شروع ہوا تو منی پور معاملے پر خوب ہنگامہ دیکھنے کو ملا۔ اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ ایک کانگریس رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ جب ہم ان سے منی پور کے بارے میں پوچھتے ہیں تو وہ راجستھان کی بات کرنے لگتے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ منی پور تقریباً 2 ماہ سے تشدد کی آگ میں جل رہا ہے۔