نئی دہلی: ہاردک پانڈیا نے آئی پی ایل 2022 میں شاندار کارکردگی پیش کی۔ گجرات ٹائٹنس کے کپتان ہاردک پانڈیا نے ٹیم کی طرف سے سب سے زیادہ رن بنائے اور ٹیم کو چمپئن بھی بنایا۔ انہیں اس کارکردگی کا انعام بھی ملا اور وہ ایک بار پھر سے ٹیم انڈیا میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ گزشتہ سال ہوئے ٹی20 عالمی کپ کے بعد پہلی بار انہیں ہندوستانی ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ اس سے پہلے کئی بار کہا گیا کہ انہیں فٹ نہیں ہونے کے سبب سلیکٹرس ٹیم میں جگہ نہیں دے رہے ہیں، لیکن ہاردک پانڈیا نے اسے لے کر بڑا انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بریک پر تھے۔ گجرات ٹائٹنس نے ہاردک پانڈیا سے بات چیت کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر ڈالا ہے۔ اس میں ہاردک پانڈیا نے کہا، بہت لوگ نہیں جانتے ہیں کہ میں خود ہٹا تھا۔ یہ میرا فیصلہ تھا، لیکن یہ غلط فہمی رہی کہ مجھے ٹیم سے باہر کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لئے میں بی سی سی آئی کا شکرگزار ہوں، کیونکہ انہوں نے لمبا بریک دیا اور مجھے واپس آنے کے لئے کبھی مجبور نہیں کیا۔ ہاردک پانڈیا نے کہا کہ پرانا ہاردک پانڈیا واپس آگیا ہے۔ اب فینس واپس آگئے ہیں اور میرے لئے واپسی کا وقت آگیا ہے۔ بہت سارے میچ ہونے ہیں اور میں اس کا بے صبری سے انتظار کر رہا ہوں۔ ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 9 جون سے 5 میچوں کی ٹی20 سیریز شروع ہو رہی ہے۔