میں کارکنوں کے لیے ہمیشہ دستیاب رہوں گا

   

محبوب نگر ۔ 22 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : پارٹی کارکنان سے اگر کوئی غلطی ہوجائے تو آپ مجھ سے راست رجوع ہوسکتے ہیں ۔ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ یہ اعلان ریاستی وزیر سرینواس گوڑ نے جمعہ کے دن پارٹی آفس میں پارٹی کارکنوں کے اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ گذشتہ کے تمام انتخابات میں متحدہ ضلع محبوب نگر کے عوام نے پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناکر ہم پر ذمہ داری بھی سونپی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام پارٹی کارکنوں کو میں ایک ہی خاندان کے افراد تصور کرتا ہوں ۔ میں 24 گھنٹے ان کے لیے دستیاب ہوں گا ۔ انہوں نے بتایا کہ دیہاتوں میں بہت جلد شب بسری کا آغاز بھی کیا جائے گا ۔ شہری ترقیاتی پروگرام کے تحت ہر وارڈ میں 60 رکنی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے پروگرام کو کامیاب بنانے کی منصوبہ بندی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی اہم سڑک کی توسیع کے لیے تقریبا تمام تاجرین نے رضا مندی ظاہر کی ہے اور بہت جلد یہ کام مکمل کرلیا جائے گا ۔ انہوں نے مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کے ریمارکس کی مذمت کی اور اس کو تلنگانہ عوام کی توہین سے تعبیر کیا ۔ اس موقع پر چیرمین بلدیہ نرسمہلو ، وائس چیرمین گنیش ، راجیشور گوڑ ، وینکٹیا و دیگر موجود تھے ۔۔