ریونت ریڈی کے اندازِ کارکردگی سے اختلاف، ہریش راؤ سے ہنمنت راؤ کی ملاقات کی تائید
حیدرآباد۔/22 مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس کے ناراض رکن اسمبلی جگا ریڈی نے واضح کردیا کہ وہ کسی بھی قیمت پر پارٹی چھوڑنے والے نہیں ہیں۔ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کی قیادت میں وہ کانگریس پارٹی میں برقرار رہتے ہوئے عوام کی خدمت کریں گے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس میں شمولیت کے بارے میں ان کی تصویر کے ساتھ سوشیل میڈیا میں گمراہ کن اطلاعات پھیلائی جارہی ہیں۔ بعض عناصر جان بوجھ کر ان کا امیج بگاڑنا چاہتے ہیں۔ جگا ریڈی نے کہا کہ انہوں نے پردیش کانگریس کی صدارت کی خواہش ظاہر کی تھی لیکن پارٹی نے ریونت ریڈی کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کے ساتھ کام کرنے میں کوئی دشواری نہیں ہے لیکن ان کے اندازِ کارکردگی سے اختلاف ہے۔ ریونت ریڈی کو تمام قائدین کو ساتھ لے کر آگے بڑھنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے کئی سینئر قائدین کو ریونت ریڈی سے شکایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ بلا جھجھک اور بے خوف اظہار خیال ان کی عادت رہی ہے۔ ریونت ریڈی نے میدک کا دورہ کیا لیکن مجھے اس کی اطلاع نہیں دی۔ جگا ریڈی نے تنظیمی ذمہ داریوں سے سبکدوشی پر تبصرہ سے گریز کیا اور کہا کہ وہ عہدہ کے بغیر بھی پارٹی کیلئے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر سے ان کے کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں جگا ریڈی نے کہا کہ عہدوں سے سبکدوش کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے ایک جھلک دی ہے وہ بھی مناسب وقت پر ریونت ریڈی کو جھلک دیں گے۔ انہوں نے ہریش راؤ سے ہنمنت راؤ کی ملاقات کی تائید کی اور کہا کہ ہنمنت راؤ نے اپنی ڈاکٹر دختر کے مسئلہ پر متعلقہ وزیر صحت ہریش راؤ سے ملاقات کی تھی۔ پارٹی کوئی بھی برسراقتدار ہو وزراء سے نمائندگی کرنے میں کوئی قباحت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کی تقسیم سے کانگریس پارٹی کو نقصان ہوا ہے۔ر