نئی دہلی ؍ جموں : کانگریس لیڈر راہول گاندھی جن کی پارٹی طویل عرصہ بی جے پی کو سیاست اور علاقائیت کو گڈمڈ کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتی رہی، جمعہ کو اُنھوں نے جموں میں ایک اسٹیج سے عوام کو ’’جئے ماتا دی‘‘ کا نعرہ لگانے پر زور دیا اور اپنے کشمیری پنڈت ہونے کو فخریہ طور پر اُجاگر کیا۔ راہول کانگریس ورکرس کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے ابتداء میں ہلکی مسکراہٹ کے ساتھ قدرے دھیمی آواز میں شرکاء سے اپیل کی کہ ’’جئے ماتا دی‘‘ بولیں۔ شروع میں اُنھیں مطلوبہ ردعمل حاصل نہیں ہوا، تب اُنھوں نے زیادہ بلند آواز میں نعرہ لگایا اور کہاکہ بولئے، بولئے، زور سے بولئے۔ اِس پر اجتماع کے شرکاء سے راہول کو زبردست ردعمل حاصل ہوا۔ راہول نے کہاکہ میں کشمیری پنڈت ہوں، میری فیملی کشمیری پنڈت ہے۔ کشمیری پنڈتوں کے وفد نے مجھ سے ملاقات کی ہے اور کہاکہ کانگریس نے اُن کے لئے کئی بہبودی اسکیمات پر عمل کیا ہے لیکن بی جے پی نے کچھ نہیں کیا۔ آج مَیں وعدہ کرتا ہوں کہ مَیں میرے کشمیری پنڈت بھائیوں کے لئے ضرور کچھ کروں گا۔راہول کے کشمیری پنڈت ہونے سے متعلق ریمارک اور خصوصیت سے مندروں کو دورے کرنے اور اُس کی تشہیر پر بی جے پی نے تنقید کی ہے۔ برسر اقتدار پارٹی نے کہاکہ یہ موقع پرستانہ سیاست ہے۔ بی جے پی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ راہول نے کشمیری پنڈتوں کی پریشانیوں کو پہلے تو بہ آسانی فراموش کردیا اور اب جموں پہونچ کر وہ خود کو کشمیری پنڈتوں کا ہمدرد اور مسیحا کے طور پر پیش کررہے ہیں۔ کانگریس نے ہمیشہ گھٹیا ووٹ بینک سیاست چلائی ہے اور اب بھی وہی کررہی ہے۔ جموں کے دو روزہ دورے پر آئے 51 سالہ کانگریس لیڈر نے گزشتہ روز کاترا سے ویشنو دیوی مندر کو پیدل گئے۔ اِس موقع کے ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کانگریس ایم پی مندر تک 14 کیلو میٹر طویل پٹی پر یاتریوں کے ہمراہ تیزی سے قدم بڑھارہے ہیں۔ اُنھیں سکیورٹی پرسونل نے گھیر رکھا تھا۔ کانگریس ورکرس نے راستے کی دونوں جانب پارٹی پرچموں کے ساتھ قطار باندھی ہوئی تھی۔ راہول نے کہا کہ بی جے پی نے جموں و کشمیر کی مخلوط ثقافت اور آپسی بھائی چارے پر حملے کر کے یہاں کے لوگوں کو کمزور کر دیا ہے ۔انہوں نے جموں و کشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس خطے کی معیشت، سیاحت اور کاروبار کو شدید چوٹ پہنچائی گئی ہے ۔ اس موقع پر کانگریس کی جموں و کشمیر امور کی انچارج رجنی پاٹل اور تقریباً تمام مقامی قائدین موجود تھے ۔راہول نے کہا: ’’یہاں آیا تو خوشی کے ساتھ ساتھ دُکھ بھی ہوا۔ آپ کی مخلوط ثقافت اور بھائی چارے کو بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگ توڑنے کا کام کر رہے ہیں۔ آپ لوگ کمزور ہو رہے ہیں۔ آپ کی معیشت، سیاحت اور کاروبار کو شدید چوٹ پہنچائی گئی ہے‘‘ ۔
بیروزگاری پر راہول کا حکومت پر طنز
نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے روزگاری کے سلسلے میں حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو ترقی کے نام پر خود انحصار بنانے کا ڈھونگ کیا جا رہا ہے ۔ گاندھی نے ٹویٹ کیاکہ ملک کو ترقی کے نام پر’خود انحصار‘، ’اندھیر‘نگری بنا دیا ہے ۔ انہوں نے بے روزگاری کے سلسلے میں ایک اخبار میں شائع ہونے والی ایک خبر بھی پوسٹ کی ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ قومی شماریاتی دفتر کے اعداد و شمار کے مطابق ایک سال میں بے روزگاری 2.4 فیصد بڑھ کر 19.3 فیصد ہوگئی ہے ۔گاندھی نے اس سے پہلے گنیش چتورتھی پر مبارکباد دیتے ہوئے طنزیہ لہجے میں میں کہا ہمارے ملک کی ترقی کی راہ میں ہر رکاوٹ دور ہو گنیش چتورتھی ۔