میں کشمیر جانے سے ڈرتا تھا: سشیل کمار شنڈے

   

نئی دہلی: کانگریس کے سینئر لیڈر سشیل کمار شنڈے جب وزیر داخلہ تھے ، تو وہ جموں و کشمیر کی راجدھانی سرینگر کے لال چوک اور ڈل جھیل جانے سے ڈرتے تھے ۔شنڈے نے یہاں ایک پروگرام کے دوران کہا کہ وہ سرینگر کے لال چوک اور ڈل جھیل کے قریب جانے سے ڈرتے تھے ۔ انہوں نے کشمیری پنڈت اور ماہر تعلیم وجے دھر کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں ایک کہانی سنائی اور کہا کہ وہ اکثر دھر سے مشورہ لیا کرتے تھے ۔شنڈے نے کہا کہ میں وزیر داخلہ ہونے سے پہلے بھی وجے دھر کے پاس جاتا تھا اور ان سے مشورہ لیتا تھا۔ انہوں نے مجھے مشورہ دیا کہ سشیل تم ادھر ادھر نہ بھٹکو… تم لال چوک جاؤ اور وہاں تقریر کرو، کچھ لوگوں سے ملو اور ڈل جھیل کے پاس جاکر گھومنا… ان کے مشورے پر میں وہاں گیا اور لوگوں سے ملا اور ان سے بات کی۔ . اس وقت مجھے ان کے مشورے سے بہت شہرت ملی۔ لوگوں میں یہ پیغام گیا کہ ایک وزیر داخلہ ہے جو بغیر کسی خوف کے سری نگر جاتا ہے ، لیکن صرف میں جانتا ہوں کہ اس وقت میری حالت کیا تھی، میں کس کو بتاؤں…؟شنڈے نے پیر کی رات یہاں اپنی سوانح عمری ‘سیاست میں پانچ دہائی’ جاری کی۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے وہ خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور کانگریس کے سینئر لیڈردگ وجے سنگھ بھی موجود تھے ۔ ان کے شریک مصنف مشہور صحافی راشد قدوائی ہیں اور یہ کتاب انگریزی اور ہندی زبانوں میں شائع ہوئی ہے ۔ شنڈے کے اس بیان پر بی جے پی نے کانگریس کو نشانہ بنایا ہے ۔ بی جے پی کے ترجمان شہزاد پونا والا نے سوشل میڈیا پر کہا کہ کانگریس کو شنڈے کی باتوں پر توجہ دینی چاہئے ۔ یونائیٹڈ پروگریسو الائنس کی حکومت کے وزیر داخلہ سشیل شنڈے نے اعتراف کیا کہ وہ جموں و کشمیر جانے سے ڈرتے تھے ۔انہوں نے کہا کہ اب کانگریس کے لیڈر راہول گاندھی آرام سے بھارت جوڑو یاترا اور کشمیر میں برف باری سے لطف اندوز ہوتے نظر آ تے ہیں۔ لیکن نیشنل کانفرنس اور کانگریس ایک بار پھر جموں و کشمیر کو دہشت گردی کے دنوں میں لے جانا چاہتے ہیں!