میں کوئی ربڑ اسٹامپ نہیں ہوں:گورنر بنگال

   

کولکاتہ ۔4 ڈسمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) بنگال حکومت اور گورنر کے درمیان جاری تنازعہ کے دوران ایک بار پھر آج گورنر نے کہا ہے کہ میں کوئی ربڑ اسٹامپ نہیں ہوں اور نہ ہی پوسٹ آفس ہوں کہ میرا کام ہے کہ صرف دستخط کرنا ہے کسی بھی بل کی جانچ کیے بغیر ہم زیر التوا فائلوں پر دستخط نہیں کرسکتے ہیں۔جگدیپ دھنکر نے ٹوئیٹر پر لکھا ہے کہ گورنر کی حیثیت سے میرا کام آئین کااحترام کرنا ہے ،اندھا بن کر کسی بھی فائل پر دستخط نہیں کرسکتا ہوں۔نہ میں ربڑ اسٹامپ ہوں اور نہ ہی پوسٹ آفس ہوں۔ کسی بھی تاخیر کیے بغیر میری آئینی ذمہ داری ہے کہ تما م بلوں کا آئین کے تناظر میں جانچ کروں۔خیال رہے کہ گورنر کے ذریعہ بلوں پر دستخط نہیں ہونے کی وجہ سے اسمبلی اجلاس کو دو دن کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے ۔خیال رہے کہ منگل کو بنگال اسمبلی کے اسپیکر بمان بنرجی نے اسمبلی کے سیشن کو دودن کیلئے ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کئی اہم بل گورنر پاس ہیں، جو ان کے دستخط کا منتظر ہے ۔