میں کورونا سے آزاد ہوچکا ہوں : ٹرمپ

,

   

Ferty9 Clinic

دوسروں میں وائرس پھیلنے کا خدشہ ختم،تقریب میں ماسک لگاکر بڑی تعداد میں عوام کی شرکت
واشنگٹن :صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں کورونا سے آزاد ہوچکا ہوں ۔وائٹ ہاؤس کے ڈاکٹر نے تصدیق کی ہے کہ کرونا وائرس میں مبتلا امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے اب دوسروں میں وائرس پھیلنے کا خدشہ ختم ہو گیا ہے جس کے بعد اْنہیں آئسولیشن ختم کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔وائٹ ہاؤس کے ڈاکٹر شان کونلی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا کہ ہفتے کی صبح صدر کا دوبارہ کرونا ٹیسٹ کیا گیا جس کے بعد یہ پتا چلا کہ اب صدر کسی دوسرے میں وائرس کی منتقلی کا باعث نہیں بن سکتے اور وہ احتیاط کے ساتھ اب آئسولیشن بھی ختم کر سکتے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صدر ٹرمپ کو بخار نہیں ہوا جب کہ کرونا کی دیگر علامات بھی نہیں ہیں۔ تاہم ڈاکٹرز نے یہ تصدیق نہیں کی کہ صدر ٹرمپ کا کرونا ٹیسٹ منفی آیا ہے یا نہیں۔ڈاکٹر شان کونلی کے بیان سے قبل صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں اپنے حامیوں سے خطاب بھی کیا۔ کرونا میں مبتلا ہونے کے بعد اس تقریب کو صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کا دوبارہ آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔امن و امان کے حوالے سے پرامن مظاہرے کے سلسلے میں منعقدہ تقریب کا اہتمام’بلیگزٹ فاؤنڈیشن’ نے کیا جس میں لاطینی اور سیاہ فام افراد کی اکثریت نے شرکت کی۔صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کی بالکونی سے خطاب سے قبل اپنا ماسک اْتار دیا۔ صدر نے کہا کہ اب وہ بہت بہتر محسوس کر رہے ہیں اور اْن کی صحت کے حوالے سے فکر مند رہنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔تقریب میں شریک تمام افراد کو ماسک پہن کر آنے کی ہدایت کی گئی تھی جب کہ اْن کا درجہ حرارت چیک کرنے کے علاوہ اْنہیں سماجی فاصلہ اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تھی۔

طالبان ،صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کی کامیابی کے خواہاں
واشنگٹن : افغانستان کے طالبان نے امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونالڈ ٹرمپ کے دوبارہ کامیاب ہونے کی خواہش ظاہر کی ہے ۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ٹرمپ امریکہ کے صدارتی انتخابات میں دوبارہ کامیاب ہوں۔ کیونکہ وہ ایسے سیاستداں ہیں جنہوں نے امریکیوں سے کئے گئے سارے بڑے وعدے پورے کئے ہیں ۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ٹرمپ نے چند چھوٹے موٹے وعدے پورے نہیں کئے ۔ تاہم امریکی عوام کو ٹرمپ پر کافی اعتماد دکھائی دیتا ہے ۔