مے ویدر نے جاپانی باکسر ناسوکاوا کو 2 منٹ میں شکست دی

   

نیویارک ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام )معروف امریکی باکسر فلائیڈ مے ویدر نے نئے سال کے آغاز کے موقع پر منعقدہ نمائشی فائٹ میں جاپان کے کک باکسنگ چمپیئن تینشن ناسوکاوا کو محض دو منٹ میں تکنیکی بنیادوں پر ناک آؤٹ کر کے شکست دے دی۔ جاپان میں منعقدہ اس فائٹ کا جہاں باکسنگ شائقین کافی شدت سے انتظار کر رہے تھے وہیں ماہرین نے اس فائٹ کو ایک عجیب و غریب مقابلہ قرار دیا تھا کیونکہ مے ویدر باکسنگ کے چمپیئن ہیں جبکہ ناسوکاوا کک باکسنگ کے چمپیئن ہیں اور دونوں کھیلوں کے مختلف قوانین کے سبب اس مقابلے کے لئے مے ویدر کو پسندیدہ قرار دیا جا رہا تھا۔ 41سالہ مے ویدر کا اپنے سے آدھی عمر کے کک باکسر سے مقابلہ تو تھا لیکن مقابلے کے لئے پہلے سے ہی سخت قوانین مرتب کر دیے گئے تھے اور جاپانی اسٹار کو متنبہ کردیا گیا تھا کہ میچ کے دوران وہ صرف باکسنگ کریں گے اور اگر انہوں نے کک مارنے کی کوشش کی تو انہیں 5 ملین ڈالر کا جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔ فائٹ کی ابتدا میں ایسے لگا کہ شاید مے ویدر اسے زیادہ سنجیدگی سے نہیں لے رہے اور ہلکے پھلکے مکوں سے فائٹ کا آغاز کیا لیکن پھر انہوں نے اپنے روایتی انداز کو اپناتے ہوئے مکوں کی برسات کردی اور ایک منٹ بعد ہی 20سالہ باکسر زمین بوس ہو گئے۔ اپنے حریف کو جدوجہد کرتا دیکھ کر مے ویدر نے ناسوکاوا کے کھڑے ہوتے ہی ان پر دوبارہ سے مکوں کی برسات کردی اور چند لمحوں بعد ہی وہ دوبارہ رنگ میں گرپڑے ۔ اس میچ کے لیے رنگ میں کوئی ریفری نہیں تھا اور فاتح کا فیصلہ ناک آؤٹ یا تکنیکی ناک آؤٹ پر ہونا تھا۔ جب جاپانی کک باکسر کے ٹرینر نے اپنے شاگرد کو رنگ میں امریکی باکسر کے رحم و کرم پر دیکھا تو پہلے راؤنڈ کے اختتام سے ایک منٹ قبل ہی فوری طور پر فائٹ روک کر مقابلے کے خاتمے اور مے ویدر کی فتح کا اعلان کردیا۔ فائٹ جیتنے کے بعد مے ویدر نے کہا کہ یہ فائٹ تفریح سے بھرپور تھی، میں اب بھی سبکدوش ہوں اور میرا باکسنگ رنگ میں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں اور میں نے یہ فائٹ محض جاپانی شائقین کومحظوظ کرنے کے لیے لڑی۔ اس فائٹ کے لئے دونوں فائٹرز کو کتنی رقم کی ادائیگی کی گئی اس کا اعلان تو نہیں کیا گیا لیکن مے ویدر نے اپنی ٹوئٹ میں عندیہ دیا کہ انہیں اس فائٹ کے عوض 9ملین ڈالرز کی خطیر رقم ادا کی گئی۔