کورونا سے لاحق خطرات سے مواقع بھی فراہم ، مودی کے خطاب پر ادھو ٹھاکرے کا بیان
ممبئی۔ 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے چیف منسٹر کے دفتر نے کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کو تمام ریاستوں سے خواہش کی ہے کہ وہ کووڈ۔19 کے چیلنج کو اپنے انتظامی اصلاحات کے ذریعہ بہتر موقعوں میں تبدیل کریں، صورتحال کی بنیاد پر لاک ڈاؤن میں نرمی دینے سے متعلق خود اپنی پالیسیاں وضع کریں۔ مہاراشٹرا کے چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں مزید کہا ہے کہ چیف منسٹروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے دوران مودی نے یہ اشارہ دیا کہ کورونا وائرس کی وباء 3 مئی کے بعد ایک طویل عرصہ تک جاری رہ سکتی ہے اور عوام کو ایک عرصہ تک فیس ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ توسیع شدہ لاک ڈاؤن 3 مئی کو ختم ہوگا لیکن ہر ریاست کو موجودہ سخت ترین رہنمایانہ خطوط میں نرمی پیدا کرنے کے بارے میں خود اپنی پالیسیوں کے مطابق فیصلہ کرنا ہوگا جس میں روڈ ٹریفک کو آمدورفت کی اجازت، بزرگ شہریوں کو گھر سے باہر نکلنے کی اجازت کے علاوہ مختلف دکانوں کو اپنے کام اور کاروبار جاری رکھنے کی اجازت شامل رہے گی۔ ادھو ٹھاکرے کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں وزیراعظم کی ویڈیو کانفرنس کے حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ ’چند ریاستوں میں کووڈ۔ 19 کیسیس کی تعداد میں اضافہ ہونا کوئی جرم نہیں ہے۔ بڑھتی ہوئی تعداد کے سبب کسی کو دباؤ میں آنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ سارا ملک ہی کورونا وائرس سے لاحق چیلنج کا سامنا کررہا ہے۔