نئی اسکیمات ، ریاستی حکومت کے انتخابی حربے

   

کامیابی کے بعد فنڈس کو روک دینے کا الزام ، کورٹلہ میں کانگریس قائد جے کرشنا راؤ کا بیان

کورٹلہ /18 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جواڈی کرشنا راؤ ریاستی قائد کانگریس آئی پارٹی نے کانگریس پارٹی آفس کورٹلہ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے رکن اسمبلی کورٹلہ کے ودیا ساگر راؤ کی جانب سے آنجہانی جواڈی رتناکر راؤ کے خلاف کئے گئے ریمارکس کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ کریم نگر ضلع میں جو ترقیاتی اقدامات کئے گئے وہ آنجہانی جواڈی رتناکر راؤ کے دور میں کئے گئے ۔ انہوں نے کے ودیا ساگر راؤ سے کہا کہ آنجہانی جواڈی رتناکر راؤ پر شخصی ریمارکس کرنے کے بجائے ترقیاتی پروگراموں پر توجہ دیں ۔ جناب محمد نصیر یوتھ کانگریس پارٹی قائد نے کہا کہ رکن اسمبلی کورٹلہ جو بی آر ایس پارٹی کے استحکام کیلئے کوشش کر رہے ہیں ۔ اگر اس میں سے نصف توجہ عوامی مسائل پر دیتے تو آج حلقہ اسمبلی کورٹلہ کا یہ حال نہ ہوتا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس آئی پارٹی جو عوام کے ساتھ کھڑے ہوکر حلقہ اسمبلی کورٹلہ کے عوام کے مسائل کی یکسوئی کیلئے جدوجہد کر رہی ہے اور عوام میں ٹی آر ایس پارٹی کے خلاف پائی جانے والی ناراضگی کو اجاگر کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی کورٹلہ حقائق کو تسلیم کرنے کے بجائے کانگریس آئی پارٹی کے قائدین پر غیر ضروری ریمارکس کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس آئی پارٹی کے دور اقتدار میں جل رہی شوگر فیکٹری کو بند کرواتے ہوئے کئی لاکھ کسانوں کے ساتھ ناانصافی کی گئی ۔ جواڈی کرشنا راؤ نے ریاستی حکومت پر گذشتہ دو سال سے کسی ایک حاملہ خاتون اور کسی ایک زچہ کے بینک کھاتے میں رقم جمع نہ کرنے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ریاست تلنگانہ اور ہمارے ضلع جگتیال کی سطح پر ہر دن کئی خواتین کی زچگی ہو رہی ہے ۔ گذشتہ دو سال سے ریاستی حکومت حاملہ خواتین اور زچہ کو کروڑ روپئے کے بقایاجات کی ادائیگی باقی ہے ۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے اس جانب توجہ دیتے ہوئے گذشتہ دو سال سے سابق بقایاجات کے ساتھ اس بار جو خواتین حاملہ ہیں رقم منظور کرنے کا ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ۔ انہوں نے ریاستی حکومت پر انتخابات میں فائدہ حاصل کرنے کیلئے نئی نئی اسکیمات شروع کرنے فنڈس منظور کرنے اور انتخابات کے بعد ان منظور شدہ فنڈس کو روک دینے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے عوام ٹی آر ایس پارٹی کے اصلی چہرے سے بخوبی واقف ہوچکے ہیں ۔ آئندہ اسمبلی انتخابات میں عوام بی آر ایس پارٹی کو مناسب سبق سکھائیں گے ۔ اس پروگرام میں صدر منڈل کانگریس آئی پارٹی مسٹر کے راجم صدر کانگریس آئی کورٹلہ ٹاون مسٹر ٹی گنگادھر ، نائب صدر مسٹر نعیم صدر حلقہ اسمبلی کورٹلہ مسٹر مہی پال ریڈی جنرل سکریٹری کورٹلہ ٹاون ، مسٹر ایم لکشمن ، صدر ڈسٹرکٹ یوتھ کانگریس آئی قائدین ، جناب محمد نصیر ، مسٹر بھاسکر ، جناب باری ، جناب مزمل ، جناب واجد نے شرکت کی ۔