نئی دہلی،27جون(سیاست ڈاٹ کام)حکومت نے نئی ایجوکیشن پالیسی کے مسودے پر لوگوں کو تجویز دینے کے وقت میں ایک ماہ اور بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر ڈاکٹر رمیش پوکھڑیال ‘نشنک’ نے آج راجیہ سبھا میں وقفہ سوال کے دوران ضمنی سوالات کا جواب دیتے ہوئے یہ بات کہی۔انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کا مسودہ تیار کرنے کا عمل پچھلے چار سال سے چل رہاہے اور اس دوران ہر سطح پر وسیع پیمانے پر بحث کی گئی ہے ۔ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ بھی اس پر غور وخوض کرایاگیا تھا۔اس پالیسی کا مسودہ عام کیا جاچکا ہے ۔ابھی لوگوں سے اس بارے میں ان کی تجویز مانگی جارہی ہیں۔یہ مدت تین دن بعد ختم ہورہی تھی لیکن اسے ایک مہینے اور بڑھایاجارہا ہے جس سے زیادہ سے زیادہ لوگ اس بارے میں اپنے مشورے دے سکیں۔ترنمول کانگریس کے ڈیرک اوبرائن نے سوال پوچھا تھا کہ کیا حکومت نے اس اہم پالیسی کے بارے میں ریاستوں کے ساتھ کوئی غورو خوض کیاتھا۔