تہران ۔ 27 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام )ایران میں فروری میں ہونے والے عام انتخابات کے بعد نئی ملکی پارلیمان کا اولین اجلاس آج چہارشنبہ 27مئی کو دارالحکومت تہران میں شروع ہوا۔ کورونا وائرس کی وبا کے باعث یہ اجلاس تین ماہ کی تاخیر سے ہوا ہے۔ نئے اراکین پارلیمان کی اکثریت نے حفاظتی ماسک پہنے ہوئے تھے اور جنوبی تہران میں واقع پارلیمان کی عمارت میں داخلے سے قبل ان کا جسمانی درجہ حرارت بھی چیک کیا جا رہا تھا۔ پارلیمانی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملکی صدر حسن روحانی نے کہا، ’’ایران کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے، جنہوں نے خطرناک کورونا وائرس کے خلاف اپنی جنگ میں کامیابی حاصل کی ہے۔‘‘ ایران میں کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے اب تک تقریبآ ایک لاکھ چالیس ہزار افراد متاثر اور ساڑھے سات ہزار سے زائد ہلاک ہو چکے ہیں۔