نئی اے آئی ایم آئی ایم کا قیام ، پرانے شہر میں عوام کا مثبت ردعمل

   

الیکشن کمیشن آف انڈیا کی منظوری ، 28 ستمبر کو پارٹی کا پریس کلب میں اعلان
حیدرآباد ۔ 25 ۔ ستمبر : ( پریس نوٹ ) : ہندوستان کی اعلیٰ الیکشن ایجنسی الیکشن کمیشن آف انڈیا نے شہر حیدرآباد کے سینئیر ایڈوکیٹ کی قیادت والی آل انڈیا مجلس انقلاب ملت ( اے آئی ایم آئی ایم ) کو رسمی طور پر اجازت دیدی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی آل انڈیا مجلس انقلاب ملت نے اپنی سرگرمیوں کو آگے بڑھاتے ہوئے بالکل ہی کم وقت میں پرانے شہر میں ایک نئی اے آئی ایم آئی ایم کے طور پر ابھر آئی ہے ۔ الیکشن کمیشن بروز پیر اس پارٹی کو مسلمہ حیثیت کی فراہمی کی منظوری دی ہے ۔ اس طرح اے آئی ایم ائی ایم سیاسی پارٹی کی حیثیت سے مسلمہ حیثیت حاصل کرلی ہے ۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ بہت جلد مستقبل کے لائحہ عمل کو قطعیت دینے کے لیے ایک اجلاس طلب کرے گی جس میں تلنگانہ ریاست گیر سطح پر پارٹی کے استحکام پر غور و خوض کیا جائے گا ۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا سے مکتوب کی وصولی کے بعد پارٹی صدر مولانا سید طارق قادری نے بتایا کہ اے آئی ایم آئی ایم ( انقلاب ) عوام میں شعور بیدار کرتے ہوئے عوامی سیاسی ذمہ داری پر پلیٹ فارم فراہم کرے گی ۔ مولانا سید طارق قادری نے مزید بتایا کہ 28 ستمبر کو پریس کلب بشیر باغ میں پارٹی کا قیام عمل میں لائیں گے ۔ اسی دوران مولانا حامد حسین شطاری نائب صدر پارٹی نے بتایا کہ پارٹی میں مختلف شعبہ حیات جیسے ماہر قانون ، دانشورس اور صحافیوں کو بھی شامل کیا جائے گا اور اسی دن سے پارٹی کی رکنیت سازی مہم کا بھی آغاز کیا جائے گا ۔ اس سے قبل پارٹی کے قیام اور اس کے اغراض و مقاصد پر متعدد مرتبہ غور و خوض کیا گیا ہے جن پر عوام سے مثبت ردعمل ملا ہے اور ہر شعبہ حیات کے افراد نے نئی سیاسی جماعت کے قیام کی حمایت اور تائید کا تیقن دیا ہے ۔۔