ٹی ای ٹی امتحانات سے سینئر اساتذہ کو استثنیٰ دینے کا مطالبہ : محمد معزالدین
سنگاریڈی ۔8 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )محمد معزالدین سنگاریڈی نے اپنے صحافتی بیان میں کہا ہے کہ قومی تعلیمی پالیسی کی مخالفت اوریکساں تعلیمی نظام میں اساتذہ کے حقوق کے تحفظ کا مطالبہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔اساتذہ تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ سینئر اساتذہ کو ٹی ای ٹی (اساتذہ اہلیتی امتحان) سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ قومی تعلیمی پالیسی سرکاری تعلیم کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے، لہٰذا اسے فوری طور پر واپس لیا جائے۔اساتذہ تنظیموں کے قائدین نے اعلان کیا ہے کہ اسی ماہ کی 9 تاریخ کو ریاست بھر میں احتجاجات منعقد کیے جائیں گے، جبکہ5 فروری کو دہلی میں ’’مارچ ٹو پارلیمنٹ‘‘ پروگرام منعقد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سال 2010 سے قبل تقرر پانے والے اساتذہ کو ٹی ای ٹی کے دائرے میں لانا سراسر ناانصافی ہے۔ کئی دہوں سے تعلیمی خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو دوبارہ امتحان میں بٹھانا ان کی توہین کے مترادف ہے۔اساتذہ قائدین نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ نئی تعلیمی پالیسی کے باعث سرکاری اسکول کمزور ہوتے جا رہے ہیں،نجی تعلیمی اداروں کو غیر معمولی فائدہ پہنچ رہا ہے،اور اساتذہ کی ملازمت کا تحفظ شدید خطرے میں ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پرانی پنشن اسکیم بحال کی جائے،اساتذہ کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں،اور تعلیم کو مکمل نجکاری سے محفوظ رکھا جائے۔اس موقع پر مختلف اضلاع اور اساتذہ تنظیموں سے تعلق رکھنے والے قائدین نے شرکت کی اور حکومت سے اپیل کی کہ اساتذہ کے جائز مطالبات کو نظرانداز نہ کیا جائے، بصورتِ دیگر احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی۔
