نئی دہلی: عازمین حج کی سہولت میں اضافہ کرنے اور حج اخراجات کو کم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اقلیتی امور اور بہبود خواتین و اطفال کی مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے کہا کہ نئی حج پالیسی سے عازمین حج کو سہولتیں حاصل ہوں گی۔ یہ بات انہوں نے آج یہاں اردو میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہاکہ حج کمیٹی کے ذریعہ ایکسچنج، دو بیگ، دو بیڈ شیٹ، چھتری، بالٹی اور مگ لازمی طور پر دیئے جائیں گے جس پر عازمین حج کا پچاس ہزار روپے خرچ ہوتا تھا ۔ اب وہ عازمین حج کا پچاس ہزار بچے گا ۔ اس کے علاوہ دیگر طریقے سے بھی وزارت عازمین کے اخراجات کم کرنے کے بارے میں غور کر رہی ہے جس کے بہتر نتائج متوقع ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وزارت اقلیتی امورکا عزم سستا حج ، سہولت سے لیس حج اور شفاف حج ہے ۔انہوں نے کہا کہ حج کوآسان بنانے کی سمت میں قدم اٹھاتے ہوئے مرکزی حکومت نے جہاں امبارکیشن پوائنٹ 25کئے ہیں وہیں حج کے اخراجات میں بھی کمی آئے گی اور انداز ہ ہے کہ پچاس ہزار روپے کی بچت ہوگی ۔ واضح رہے کہ کووڈ سے پہلے 19امبارکیشن پوائنٹ سے عازمین حج ارکان کی ادائیگی کے لئے جاتے تھے اور اب یہ تعداد بڑھ کر 25ہو گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں 25 امبارکیشن بنائے ہیں جن میں سری نگر، رانچی، گیا، گوہاٹی، اندور، بھوپال، منگلور، گوا، اورنگ آباد، بنارس، جے پور، ناگپور، دہلی، ممبئی، کولکاتا، بنگلور، حیدرآباد، کوچین، چینائی ، احمد آباد، لکھنو، کنور، وجے واڑہ، اگرتلہ، کالی کٹ ہیں ۔کووڈ ٹیکے اور آر ٹی پی سی آر کے تعلق انہوں نے کہاکہ عازمین حج کو سرکاری میڈیکل سنٹر سے ٹسٹ کرانے کی سہولت دی گئی ہے اور اس سے عازمین حج کا پیسہ بچے گا ۔ ایرانی نے کہاکہ46سال سے زائد تنہا خواتین حج فارم بھرنے کی اہل ہوں گی ۔ انہوں نے کہاکہ حج کوٹا میں سے 80 فیصد حج کمیٹی کے توسط سے جائیں گے اور 20فیصد پرائیویٹ ٹورآپریٹر کے ذریعہ ارکان حج ادا کریں گے ۔