تبلیغی جماعت کے خلاف مہم کی مذمت، محمد علی شبیر کا بیان
حیدرآباد۔یکم اپریل (سیاست نیوز) سابق ریاستی وزیر محمد علی شبیر نے تبلیغی جماعت کے کارکنوں اور ذمہ داروں سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے خود اپنے طور پر معائنے کے لیے رجوع ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی میں مذہبی اجتماع سے واپس ہونے والے تمام افراد کو چاہئے کہ وہ اپنے دورے کے بارے میں پولیس یا محکمہ صحت کے عہدیداروں کو واقف کرائیں۔ حکومت اپنے خرچ پر جانچ کرے گی اور ضرورت پڑنے پر انہیں آئیسولیشن سنٹر منتقل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہر شخص کو اپنی سماجی اور مذہبی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے کورونا وائرس سے بچائو کی جنگ میں حکومت سے تعاون کرنا چاہئے۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ آندھراپردیش اور تلنگانہ کے تقریباً ہر ضلع سے اجتماع میں لوگ شریک ہوئے تھے۔ واپسی کے بعد وہ معمول کی زندگی گزاررہے ہیں لیکن انہیں اپنا ٹسٹ کرالینا چاہئے۔ نہ صرف اپنی بلکہ اپنے خاندان اور سماج کی بھلائی اسی میں ہے کہ رضاکارانہ جانچ کے لیے حکام سے رجوع ہوں۔ انہوں نے کہا کہ خوف و دہشت کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ تلنگانہ میں زیادہ تر افراد علاج میں صحتمند ہوچکے ہیں اور مکانات واپس کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ حکومت نے رضاکارانہ طور پر رجوع ہونے کی اپیل کی ہے لیکن صرف عہدیداروں کی جانب سے دہلی سے واپس لوٹنے والے افراد کی نشاندہی کے لیے وقت لگے گا۔ تبلیغی جماعت کے ذمہ داروں اور کارکنوں کو اس سلسلہ میں حکام سے تعاون کرنا چاہئے تاکہ وائرس کے پھیلائو کو روکا جاسکے۔ انہوں نے میڈیا کے بعض گوشوں کی جانب سے تبلیغی جماعت کو نشانہ بنانے کی کوششوں کی مذمت کی اور کہا کہ سنگھ پریوار کی ذہنیت رکھنے والے افراد وائرس کی آڑ میں مسلمانوں کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں۔