نئی دہلی میں دھرنے سے تلنگانہ کو کچھ حاصل نہیں ہوگا: کشن ریڈی

   

حیدرآباد۔/24 جولائی، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر کشن ریڈی نے کہا کہ وہ کب تک عہدہ پر رہیں گے اس کا فیصلہ سکندرآباد لوک سبھا حلقہ کے عوام کریں گے، میں آخری سانس تک بی جے پی کا پرچم تھامے رہوں گا۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے بندھوا مزدور سے متعلق چیف منسٹر ریونت ریڈی کے بیان کی مذمت کی۔ کشن ریڈی نے کہا کہ میں کسی کا بندھوا مزدور نہیں ہوں، پارٹی اور پارٹی کے نظریات پر قائم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی دراصل سونیا گاندھی کے بندھوا مزدور ہیں۔ انہوں نے نئی دہلی میں دھرنا سے متعلق چیف منسٹر کے اعلان کو مضحکہ خیز قرار دیا اور سوال کیا کہ کیا دہلی آتے ہی مرکزی حکومت چیک لکھ دے گی؟ انہوں نے کہا کہ دھرنا سے تلنگانہ کیلئے کچھ بھی حاصل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں سینک اسکول کے قیام میں کون رکاوٹ ہے اس کا جواب خود ریونت ریڈی دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیارم اسٹیل پلانٹ کے بارے میں ریونت ریڈی کو کے سی آر سے سوال کرنا چاہیئے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ ریونت ریڈی کا موقف تلنگانہ عوام کی توہین کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کی۔1