آر ٹی سی ملازمین کی تائید، ڈاکٹر کے نارائنا اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد۔/19 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کی تائید میں سی پی آئی قائدین نے آج نئی دہلی میں تلنگانہ بھون کے روبرو احتجاجی دھرنا منظم کیا۔ پارٹی نے دھمکی دی کہ اگر ٹی آر ایس حکومت ملازمین کے مطالبات کو قبول نہیں کرے گی تو قومی سطح پر احتجاج منظم کیا جائے گا۔ اے آئی ٹی یو سی کے جنرل سکریٹری امرجیت کور، سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے تلنگانہ حکومت کو انتباہ دیا کہ وہ ملازمین کے ساتھ کھلواڑ بند کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت ہٹ دھرمی کا رویہ ترک نہیں کرے گی تو عوام اور ورکرس کی تنظیمیں احتجاج میں شدت پیدا کریں گے۔ تلنگانہ بند کی تائید میں اے آئی ٹی یو سی، سی پی آئی دہلی یونٹ کی قیادت میں دہلی کے تلنگانہ بھون کا گھیراؤ کیا گیا۔ اس پروگرام میں امرجیت کور، ڈاکٹر کے نارائنا، دہلی سی پی آئی کے سکریٹری دنیش ورشنی اور دوسروں نے حصہ لیا۔ مختلف ٹریڈ یونین کارکن اس پروگرام میں شریک ہوئے۔ کستوربا مارگ سے تلنگانہ بھون تک احتجاجی ریالی منظم کی گئی۔ آر ٹی سی ملازمین کے مطالبات کی تائید میں نعرے لگائے گئے ۔ بعد میں تلنگانہ بھون کے روبرو دھرنا منظم کیا گیا۔ اس موقع پر سی پی آئی قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ کی ہدایت کے باوجود حکومت مذاکرات سے انکار کررہی ہے۔ انہوں نے غیر مشروط پور پر مذاکرات کے آغاز کا مطالبہ کیا۔ 48 ہزار سے زائد ملازمین کو برطرف کرنے کے اعلان کی مذمت کرتے ہوئے سی پی آئی قائدین نے اسے غیر دستوری اعلان سے تعبیر کیا۔ ایک طرف آر ٹی سی ملازمین ہڑتال پر مجبور ہیں تو دوسری طرف حکومت اپنی ہٹ دھرمی کا رویہ برقرار رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے مہلوکین کے پسماندگان کو ایک کروڑ روپئے ایکس گریشیا کی ادائیگی کا مطالبہ کیا۔ پارٹی کی جانب سے تلنگانہ بھون کے عہدیدار کو یادداشت پیش کی گئی۔