نئی دہلی میں طلبہ کی موت پر مرکزی وزیر کشن ریڈی کا اظہار تشویش، تانیہ کے والد سے فون پر بات چیت

   

حیدرآباد۔/28 جولائی، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی جی کشن ریڈی نے نئی دہلی میں شدید بارش کے سبب عمارت کے سیلار میں پانی داخل ہوجانے سے سیول سرویس کے تین امیدواروں کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ مہلوکین میں سکندرآباد سے تعلق رکھنے والی تانیہ سونی شامل ہے۔ کشن ریڈی نے تانیہ کے والد وجئے کمار سے فون پر بات چیت کی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ وجئے کمار سنگارینی کالریز کے سری رام پور میں منیجر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ مرکزی وزیر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ طلبہ کی نعشوں کو جلد سے جلد ان کے افراد خاندان کے حوالے کریں۔ کشن ریڈی نے نئی دہلی میں پولیس اور بلدی نظم و نسق کے عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے ضروری امور کی جلد تکمیل کی ہدایت دی۔ نئی دہلی کے واقعہ پر بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں بھی کئی کوچنگ سنٹرس بلدی حکام کی اجازت کے بغیر کام کررہے ہیں۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں بے قاعدگیوں کے نتیجہ میں غیر قانونی طور پر عمارتوں کی تعمیر کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے حیدرآباد میں بھی غیر مجاز تعمیرات کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔1