نئی دہلی میں کانگریس احتجاج ، تین ارکان پارلیمنٹ کی شرکت

   

کے سی آر پر دوہرا رویہ اختیار کرنے کا الزام ، اتم کمار اور ریونت ریڈی کا بیان
حیدرآباد: مرکز کے زرعی قوانین کے خلاف دہلی میں کانگریس کے احتجاج میں تلنگانہ کے تینوں ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی ۔ مرکزی قوانین کے خلاف ملک میں کسانوں سے دستخطیں حاصل کرکے صدر جمہوریہ کو پیش کیا گیا۔ راہول گاندھی ، غلام نبی آزاد اور دیگر قائدین نے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند سے ملاقات کی۔ پارٹی نے ملک کی تمام ریاستوں سے ارکان پارلیمنٹ اور سی ایل پی لیڈرس کو دہلی طلب کیا تھا۔ تلنگانہ سے اتم کمار ریڈی ، ریونت ریڈی اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے علاوہ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے احتجاج میں حصہ لیا ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کے تمام اضلاع میں پارٹی نے قوانین کے خلاف دستخطی مہم چلائی لاکھوں کی تعداد میں کسانوں نے مہم میں حصہ لیتے ہوئے نریندر مودی حکومت سے مرکزی قوانین واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے مسائل پر چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ دوہرا رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔ کسانوں کی تائید میں ٹی آر ایس نے ایک روزہ احتجاج کیا تھا لیکن ریاست میں مرکزی قوانین پر عمل آوری روکنے کیلئے اسمبلی میں قرارداد منظور نہیں کی گئی ۔ کے سی آر اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کرنے تیار نہیں ہیں۔ کسانوں سے ہمدردی ثابت کرنے اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جانا چاہئے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ریاست میں کسانوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں ہوئی ہے۔ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی اور امیت شاہ سے ملاقات کے بعد کے سی آر کے رویہ میں تبدیلی آچکی ہے اور وہ مرکزی قوانین کے خلاف بیان دینے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدی انتخابات کے بعد چیف منسٹر مرکز کی کارروائیوں سے خوفزدہ دکھائی دے رہے ہیں۔ کانگریس تلنگانہ میں وعدوں کی تکمیل کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔