نئی دہلی میں کوچنگ سنٹر میں پانی داخل ، 3 امیدوار غرقاب

   

ایک کا تعلق تلنگانہ کے منچریال سے، تانیہ نے آئی اے ایس بننے کا خواب دیکھا تھا

حیدرآباد۔/28 جولائی، ( سیاست نیوز) نئی دہلی کی ایک عمارت کے سیلار میں پانی بھرجانے سے آئی اے ایس کوچنگ کیلئے آئے ہوئے تین امیدواروں کی موت نے کوچنگ سنٹرس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان کھڑے کردیئے ہیں۔ عمارت کے بیسمنٹ میں راوس کوچنگ سنٹر قائم تھا اور اچانک پانی کے داخل ہوجانے سے تین امیدواروں کی موت واقع ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر پولیس سنٹرل دہلی این ہرشا وردھن کے مطابق مہلوکین کی 25 سالہ تانیہ سونی، 25 سالہ شریا یادو اور 28 سالہ ڈی نوین کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ تانیہ کا تعلق تلنگانہ سے ہے جبکہ شریا اُترپردیش اور نوین کیرالہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہ طلبہ تقریباً چار گھنٹے تک پانی میں پھنسے رہے اور بچاؤ اقدامات میں تاخیر کے سبب ان کی موت واقع ہوگئی۔ دہلی میں شدید بارش کے بعد اچانک پانی عمارت کے بیسمنٹ میں داخل ہوگیا۔ نئی دہلی کے راجندر نگر پولیس اسٹیشن میں کوچنگ سنٹر کے خلاف ایف آئی آر درج کیا گیا ہے۔ تینوں مہلوکین سیول سرویسیس امتحانات کی کوچنگ حاصل کررہے تھے۔ تحقیقات میں کوچنگ سنٹرس کے ذمہ داروں کی لاپرواہی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ دو افراد کو پولیس نے تحویل میں لیا جن میں ایک کوچنگ سنٹر کا مالک اور کوآرڈینیٹر شامل ہیں۔ 25 سالہ تانیہ سونی نے آئی اے ایس آفیسر بننے کا خواب دیکھا تھا اور ایک سال قبل کوچنگ سنٹر میں داخلہ لیا تھا۔ تانیہ کے والد وجئے کمار سری رامپور ایس آر پی 1 زیر زمین مائن کے منیجر ہیں۔ حادثہ کے وقت تانیہ کے والدین ناگپور میں تھے۔ اطلاع ملتے ہی وہ نئی دہلی پہنچے تاکہ اپنی دختر کی نعش منچریال منتقل کریں۔1

چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی کا اظہار دکھ
حیدرآباد۔28 جولائی (سیاست نیوز) دہلی کوچنگ سنٹر کے سیلر میں پانی داخل ہونے کے سبب پیش آئے واقعہ میں تین امیدواروں کی موت پر چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے گہرے صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا واقعہ انتہائی تکلیف دہ ہے کیونکہ اس واقعہ میں ملک کے مستقبل کو بہتر بنانے کی جدوجہد کرنے والوں نے اپنی جان گنوائی ہے۔انہوں نے دہلی میں پیش آئے واقعہ کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے دریافت کیا کہ آیا متوفی طلبہ میں کسی کا تعلق تلنگانہ سے ہے یا نہیں اگر ہے تو اس کے لئے ریاستی حکومت کی نگرانی میں تمام تر انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور متوفی کے خاندان کی مدد کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ریونت ریڈی نے کہا کہ ریسڈنٹ کمشنر تلنگانہ بھون دہلی مسٹر گورو اپل سے رابطہ قائم کرتے ہوئے ان سے تمام تفصیلات حاصل کی جس پر ریسڈنٹ کمشنر نے انہیں تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ تین متوفی طلبہ میں بہار سے تعلق رکھنے والی ایک طالبہ ہے جس کے والد منچریال میں سنگارینی کالریز میں سینیئر آفیسر کے عہدہ پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے متوفی طالبہ کے والدین سے رابطہ کرتے ہوئے انہیں بھرپور مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔

نئی دہلی میں طلبہ کی ہلاکت پر کے ٹی آر کا اظہار دکھ
حیدرآباد۔/28 جولائی، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے دہلی میں شدید بارش کے سبب سیول سرویسس کے تین امیدواروں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔ سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کے ٹی آر نے مہلوکین میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والی طالبہ تانیہ سونی کے پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ کے ٹی آر نے تمام مہلوکین کے پسماندگان سے دلی اظہار ہمدردی کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے خواہش کی کہ حیدرآباد اور ریاست کے دیگر علاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال کے تدارک کیلئے اقدامات کریں تاکہ انسانی جانوں کے اتلاف کو روکا جاسکے۔1

مسٹر گورو اپل ریسڈنٹ کمشنر نے چیف منسٹر کو بتایا کہ متوفی کی نعش کو ان کے والدین بہار منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جس پر مسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ اگر وہ متوفی کی نعش بہار منتقل کرنا چاہتے ہیں تب بھی سنگارینی کالریز میں خدمات انجام دینے والے متوفی کے والد سے رابطہ کرتے ہوئے ان کی مکمل مدد کی جائے اور انہیں نعش کی منتقلی اور پوسٹ مارٹم کے عمل کی تکمیل میں ریاستی حکومت کی جانب سے تعاون کیا جائے۔3