نئی دہلی میں کے سی آر کو قومی میڈیا کے سوالات کا سامنا

   

پرینکا ریڈی کے پسماندگان کو پرسہ دیئے بغیر شادی میں شرکت پر اعتراض
حیدرآباد ۔3۔ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر را ؤ کو نئی دہلی میں قومی میڈیا کے سوالات کی بوچھار کا سامنا کرنا پڑا۔ حیدرآباد میں لیڈی وٹرنری ڈاکٹر کے قتل کے واقعہ پر ملک بھر میں عوامی ناراضگی کے باوجود چیف منسٹر نے مقتول ڈاکٹر کے افراد خاندان سے ملاقات نہیں کی ۔ چیف منسٹر نے اگرچہ عہدیداروں کو فاسٹ ٹریک کورٹ قائم کرنے کی ہدایت دی لیکن انہوں نے متاثرہ خاندان سے ملاقات نہیں کی جبکہ ریاستی گورنر سوندرا راجن ، مرکزی وزیر جی کشن ریڈی اور دیگر سیاسی اور سماجی تنظیموں کے قائدین نے قیامگاہ پہنچ کر تعزیت کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر کل رات جیسے ہی حیدرآباد سے نئی دہلی ایرپورٹ پہنچے، انہیں میڈیا کے نمائندوں نے گھیرلیا ۔ قومی میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں نے شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے نئی دہلی آنے پر سوال اٹھائے اور پرینکا ریڈی کے افراد خاندان سے ملاقات نہ کرنے کی وجوہات دریافت کی۔ چیف منسٹر میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کا جواب دیئے بغیر خصوصی قافلہ کے ذریعہ روانہ ہوگئے ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں لیڈی ڈاکٹر کے قتل کے خلاف ملک بھر میں ہر سطح پر احتجاج جاری ہے تو دوسری طرف کے سی آر شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے نئی دہلی پہنچے جس پر قومی میڈیا میں سخت نکتہ چینی کی جارہی ہے ۔ واضح رہے کہ جس دن لیڈی ڈاکٹر کے قتل کا معاملہ منظر عام پر آیا تھا ، اسی دن ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی ریکھا نائک کی دختر کی شادی میں چیف منسٹر نے شرکت کی تھی ۔ اس کے دوسرے دن ٹی آر ایس قائد پی روی کی شادی کی تقریب میں کے سی آر شریک ہوئے ۔ کے سی آر نے آر ٹی سی ملازمین سے ملاقات کے موقع پر لیڈی ڈاکٹر کے قتل کا مسئلہ نہیں چھیڑا جبکہ ملازمین نے خواتین کی قابل لحاظ تعداد تھی۔