نئی دہلی میں کے سی آر کے ہاتھوں بی آر ایس دفتر کا افتتاح

   

چار منزلہ عالیشان عمارت،ریاستی وزراء ، عوامی نمائندوں اور قائدین کی شرکت
حیدرآباد 4 مئی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سربراہ اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج نئی دہلی میں پارٹی کے مرکزی دفتر کا افتتاح انجام دیا۔ دہلی میں وسنت وہار علاقہ میں بی آر ایس کے قومی آفس کی چار منزلہ عالیشان عمارت تعمیر کی گئی ہے ۔ ملک بھر میں بی آر ایس سرگرمیوں کو وسعت دینے اس آفس کا استعمال کیا جائیگا ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے آج دو پہر خصوصی طیارہ سے نئی دہلی روانہ ہوئے۔ بی آر ایس آفس میں صبح سے پوجا پاٹ کا سلسلہ جاری تھا اور دوپہر ایک بجکر 5 منٹ پر کے سی آر نے رسمی افتتاح انجام دیا ۔ پہلی منزل پر کے سی آر کا چیمبر تعمیر کیا گیا جہاں انہوں نے پوجا کے بعد اپنی نشست سنبھالی۔ پنڈتوں نے ویدک اشلوک سے انہیں آشیرواد دیا اور اشلوکوں کی گونج میں کے سی آر نے اپنی نشست سنبھالی۔ پارٹی صدر کی حیثیت سے انہوں نے فائل پر دستخط بھی کئے ۔ عمارت کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا اور اطراف میں بی آرا یس و کے سی آر کے پوسٹرس فلیکسی اور بیانرس لگائے گئے تھے۔ تقریب میں کئی ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں کے علاوہ بی آر ایس کے قائدین کثیر تعداد میں شریک تھے۔ افتتاح کے بعد چیف منسٹر کو مبارکباد پیش کرنے والوں میں اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی ، صدر نشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی ، وزراء کے ٹی راما راؤ ، پرشانت ریڈی ، محمد محمود علی ، سی ایچ ملا ریڈی ، سرینواس گوڑ ، سرینواس یادو ستیہ وتی راتھوڑ ، سبیتا اندرا ریڈی ، جی کملاکر ، پی اجئے کمار ، لوک سبھا میں پارٹی لیڈر ناما ناگیشور راؤ ، راجیہ سبھا میں پارٹی لیڈر ڈاکٹر کے کیشو راؤ ، رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار ، صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم ، صدر نشین وقف بورڈ مسیح اللہ خان کے علاوہ بی آر ایس ارکان اسمبلی اور کونسل کی کثیر تعداد شامل تھی۔ افتتاح سے قبل کے سی آر نے پارٹی پرچم لہرایا ۔ افتتاحی تقریب کے بعد کے سی آر نے پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ 4 منزلہ عمارت کی تعمیر کا گزشتہ سال آغاز ہوا تھا ۔ تعمیری کاموں کی نگرانی وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی اور رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار نے کی۔ ہر منزل 11000 مربع فٹ رقبہ پر محیط ہے۔ لوورگراؤنڈ فلور پر میڈیا حالے ، سرونٹ کوارٹرس تعمیر کئے گئے۔ گراؤنڈ فلور پر کینٹین ، رسپشن لابی اور 4 جنرل سکریٹریز کے چیمبرس تعمیر کئے گئے۔ پہلی منزل پر کے سی آر کا چیمبر اور کانفرنس ہال تعمیر کیا گیا ۔ سکنڈ و تھرڈ فلور پر جملہ 20 روم ہیں جن میں پارٹی صدر و ورکنگ صدر کا سوٹ شامل ہیں۔ افتتاح کے موقع پر دو کیلو میٹر کے حدود میں کے سی آر کے استقبال میں پوسٹرس و بیانرس لگائے گئے تھے۔صبح سے پارٹی کارکنوں اور قائدین کا آغاز ہوگیا۔ تلنگانہ پولیس اور دہلی پولیس نے وسیع سیکوریٹی انتظامات کئے تھے۔ آفس کے قریب عام گاڑیوں کو داخلہ کی اجازت نہیں تھی۔ مختلف ریاستوں کے قائدین نے پارٹی آفس افتتاح پر کے سی آر کو مبارکباد دی۔ افتتاح کے بعد کے سی آر حیدرآباد واپس ہوگئے۔ ر