وزیر اعظم نریندر مودی سے پونالہ لکشمیا کا سوال
حیدرآباد۔/8 فروری، ( سیاست نیوز) سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا نے آندھرا پردیش کی تقسیم سے متعلق وزیر اعظم نریندر مودی کے ریمارکس کی مذمت کی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پونالہ لکشمیا نے کہا کہ راجیہ سبھا میں وزیر اعظم نریندر مودی نے یہ اعتراف کرلیا ہے کہ علحدہ تلنگانہ کانگریس پارٹی نے تشکیل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے باوجود ریاست میں کانگریس کے برسراقتدار نہ آنے پر وزیر اعظم کے ریمارکس غیر ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے 3 ریاستیں قائم کی تھی اور نئی ریاستوں کے انتخابات میں بی جے پی کو کامیابی کیوں نہیں ملی؟ ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پر نکتہ چینی سے قبل وزیر اعظم کو نئی ریاستوں میں بی جے پی کی شکست کا جائزہ لینا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ تالی بجانے اور دیپ جلانے سے کورونا پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کی بقاء اور استحکام کیلئے جدوجہد کی ۔ تلنگانہ عوام کی دیرینہ خواہش کی تکمیل کرکے کانگریس نے علحدہ ریاست قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے لئے قرضہ جات کی معافی کیلئے علحدہ کمیشن کا قیام کانگریس کا کارنامہ ہے۔ کانگریس نے ملک کی آزادی کیلئے جدوجہد کی اور عظیم قربانیوں کو پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے عام آدمی کی بھلائی سے زیادہ صرف صنعتی گھرانوں کے مفادات کی تکمیل پر توجہ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی ملک کیلئے خدمات کی برابری بی جے پی ہرگز نہیں کرسکتی۔ر