کے سی آر نے انتخابی وعدوں کے بجائے سرمایہ کاروں کے وعدے مکمل کئے: پرینکا گاندھی
خانہ پور ۔ 19 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریس نے ریاست تلنگانہ کی عوام کی فلاح و بہبود اور بیروزگار نوجوانوں کے روزگار کی فراہمی کے لئے دیا تھا لیکن گزشتہ دس سالوں میں نئی ریاست سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ صرف کے سی آر خاندان کو ہی اس کا فائدہ ہوا ہے۔ یہاں کے چیف منسٹر نے آپ لوگوں کے ساتھ ہر انتخابی وعدہ سے انحراف کرتے ہوئے صرف سرماہ داروں کا ساتھ دیا۔ غریبوں کو نظرانداز کردیا، ان خیالات کا اظہار پرینکا گاندھی نے خانہ پور میں آج حلقہ اسمبلی خانہ پور کے کانگریسی امیدوار وی بوجو پٹیل کے انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پرینکا گاندھی نے کے سی آر کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آج ریاست تلنگانہ میں نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لئے ملازمت کے منتظر ہیں جبکہ اس ریاست میں لاکھوں بیروزگار ہیں۔ کے سی آر حکومت بدعنوانیوں میں ملوث ہے اور ان کے خاندان کا ہر فرد وزیر بن گیا ہے۔ ان کے خاندان اور سرمایہ دار ہی عیش و عشرت کی زندگی گذاررہے ہیں۔ غریب کے گھر میں چولہے نہیں جلتے، آج تبدیلی کی شدید ضرورت ہے۔ آپ لوگوں ملازمتیں چاہتے ہیں تو کے سی آر اور کے ٹی آر کو سیاسی ملازمت سے ہٹاؤ۔ ہم اپنی چھ گیارنٹیوں پر سختی سے عمل کرتے ہوئے آپ کے ادھورے خوابوں کو پورا کریں گے کیونکہ کانگریس جو کہتی ہے اس پر عمل کرتی ہے۔ ہم نے کرناٹک کے انتخابات میں جو بھی وعدے کئے کابینہ کی پہلی میٹنگ میں اسے پورا کر دکھایا۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وہ تلنگانہ کے دورہ کے موقع پر کالیشورم، مشن بھگیرتا کی بدعنوانیوں کا ذکر نہیں کرتے صرف کانگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔ اس لئے کے بھارتیہ جنتا پارٹی اور بی آر ایس ایک ہی ہے۔ سارا ملک دیکھ رہا ہے کہ جب بھی پارلیمنٹ میں کوئی بل پیش ہوتا ہے چاہے وہ کسانوں کا کالا قانون کیوں نہ ہو ان کے اراکین تائید میں کھڑے ہو جاتے ہیں۔ ملک میں ترقی کا دعویٰ کرنے والے وزیر اعظم سرکاری ہوائی اڈہ، بندرگاہوں کو اپنے دوستوں کے حوالے کررہے ہیں۔ اتناہی نہیں کروڑہا روپیوں کا قرض دوستوں کو معاف کردیا جارہا ہے جب کسانوں کے مسئلہ پر قرض کی معافی کا ذکر آتا ہے تو ان کے پاس پیسہ نہیں رہتا۔ آئی ڈی، ای ڈی، سی بی آئی کے دریعہ حق کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ پرینکا گاندھی نے اپنی دادی اندرا گاندھی کو بھی یاد کرتے ہوئے کہا کہ میری دادی ہمیشہ قبائیلیوں کی ترقی کی فکرمند رہا کرتی تھیں اور قبائیلیوں کی ترقی کے لئے کئی تاریخ ساز کام ا نہوں نے کیا ہے۔ جس کو آپ لوگ آپ کے بزرگ اچھی طرح جانتے ہیں۔ اسٹیج پر حلقہ اسمبلی نرمل کے کانگریس امیدوار کے سری ہری راؤ بھی موجود تھے جلسہ گاہ میں خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی۔